https://youtu.be/T6CZiYbBKPA ٭… اسرائیل اور ایران کے مابین براہ راست تنازعہ چوتھے روز میں داخل ہونے کے ساتھ دونوں جانب ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تہران میں حکام کے مطابق اب تک ۲۲۴؍افراد مارے گئے ہیں جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے۔اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافائل گروسی نے پیر کے روز کہا کہ اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کی نطنزکی جوہری تنصیب گاہ میں یورینیم کی افزودگی کے زیر زمین حصے پر براہ راست حملے کی کوئی علامات نہیں ملیں۔ ٭… ڈی ڈبلیو کے مطابق گروسی نے آئی اے ای اے کے ایک غیرمعمولی بورڈ اجلاس میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا: پائلٹ فیول افزودگی پلانٹ اور مرکزی افزودگی پلانٹ کے زیر زمین ہال پر کسی حملے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔ انہوں نے مزید کہا: تاہم اس ہال کو بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ سے وہاں موجود سینٹری فیوجز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔حیفا میں ایک ایرانی میزائل حملے کے بعد لاپتا ہونے والے تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ میزائل لگنے کے بعد متاثرہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے باعث ریسکیو ٹیمیں بروقت وہاں پہنچنے میں ناکام رہیں۔ اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی ہے، جبکہ جمعے سے پیر کی صبح تک مجموعی طور پر اسرائیل میں ۲۴؍افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ٭… تل ابیب میں ایرانی میزائل حملے سے امریکی سفارتخانے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ امریکی سفیر کے مطابق حملے میں امریکی اہلکار محفوظ رہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارتخانہ کو آج بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔ ٭… اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کی جانب سے اتوار کی رات کیے گئے میزائل حملوں کے بعد تہران کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ ان ایرانی حملوں میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کاٹز نے ایرانی قیادت کو شیخیاں بگھارنے والے آمر اور بزدل قاتل قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ایران نے جان بوجھ کر اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ تہران کے رہائشی اس کی قیمت بہت جلدچکائیں گے۔ ٭… ایران نے پیر کے روز برطانیہ، فرانس اور جرمنی سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر مہلک اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے دباؤ ڈالیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ جرمنی، فرانس اور انگلینڈ کو خصوصاً نطنز کے جوہری مرکز پر حملوں کی واضح مذمت کرنا چاہیے تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی طاقتوں کو جارحیت رکوانے اور اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرانے پر توجہ دینا چاہیے۔ ٭… ایران نے ثالث قطر اور عمان کو آگاہ کردیا ہے کہ حالت جنگ میں اسرائیل سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ ایرانی عہدیدار نے ثالث کو بتایا کہ تہران حملے کے دوران مذاکرات نہیں کرے گا۔ ٭… جنیوا میں اقوام متحدہ ا نسانی حقوق کے کمشنر وولکر ترک نے کہا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ایران اور اسرائیل کشیدگی کم کریں۔جنیو ا میں انسانی حقوق کاؤنسل کے اجلاس میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کے کمشنروولکر ترک نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور کشیدگی کم کرنے کےلیے سفارتکاری کو استعمال کیا جائے۔وولکر ترک نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی پر انہیں گہری تشویش ہے۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ جلد سفارتکاری کا استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے پر حملے بند کرنے کےلیے مذاکرات شروع کریں۔ دونوں فریقین عالمی قوانین کا احترام کریں اور عام آباد ی کو جنگ میں مت گھسیٹیں۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن