https://youtu.be/5j-Eili_YOQ اللہ تعالیٰ کے فضل سے فجی کی مختلف جماعتوں کو مورخہ ۲۴تا۳۰؍مئی ۲۰۲۵ء کو جلسہ ہائے یوم خلافت منانے کی توفیق ملی۔ تفصیلات درج ذیل ہیں۔ جماعت صُوا میں جلسہ یوم خلافت مورخہ ۲۵؍مئی ۲۰۲۵ء کو مسجد فضل عمر میں صبح گیارہ بجے شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد صدر جماعت نے خوش آمدید کے کلمات کہے، خلافت کی اہمیت اور خلیفہ وقت سے زندہ تعلق قائم کرنے کی اہمیت بیان کی۔ ڈاکٹر بریبو صاحب نے ’’نظام خلافت کی برکات‘‘ پر،مکرم عظیم اسحاق صاحب نے ’’عصرحاضر میں خلافت کی ضرورت‘‘ پر اور مکرم حذیفہ بن عباس صاحب نے ’’خلافت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ پر تقاریر پیش کیں۔ تقاریر کے درمیان نظمیں بھی پیش کی جاتی رہیں۔ مکرم محمود احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج فجی نے اختتامی تقریر میں احباب جماعت کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ دعا، نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ کُل حاضری ۶۴؍تھی۔ جماعت مارو میں مورخہ ۲۴؍مئی کو شام ساڑھے چار بجے مسجد محمود میں جلسہ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، دو نظمیں اور تین تقاریر پیش کی گئیں جن میں خلافت کا قیام، برکات ِخلافت، خلفائے راشدین اور یوم خلافت منانے کا مقصد جیسے موضوعات پر روشی ڈالی گئی۔ پروگرام کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ حاضری ۲۷؍رہی۔ جماعت ناندی میں مورخہ ۲۵؍مئی کو نماز عصر کے بعد مسجد اقصیٰ ناندی میں جلسہ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، دو نظمیں اور چار تقاریر ہوئیں جن میں جلسہ خلافت کی اہمیت، خلیفۃ المسیح اور جماعت احمدیہ کا پیارو محبت کا رشتہ، اطاعتِ خلافت اور برکاتِ خلافت جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ کُل حاضری ۴۸؍تھی جن میں تین مہمان بھی شامل تھے۔ احمدیہ مسلم پرائمری سکول، لٹوکا میں مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۵ء کو صبح دس بجے جلسہ کا انعقاد ہوا۔ ایک نظم کے بعد مکرم اسد محمود صاحب مربی سلسلہ نے بچوں کو آسان الفاظ میں ’’خلافت کیا ہے اور ہم کیوں یہ دن مناتے ہیں‘‘ کے بارے میں انگریزی میں بتایا۔ تقریر کا فجین زبان میں ترجمہ اور ایک نظم پیش کی گئی۔ آخر میں بچوں میں شیرینی تقسیم کی گئی۔ کُل حاضری ۴۶۷؍رہی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک جماعت لٹوکا میں مورخہ ۲۷؍مئی کو نماز مغرب و عشاء کے بعد مسجد میں جلسہ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم عقیب شاہ صاحب نے انگریزی زبان میں خلافت کے ۱۰۰؍سال پورے ہونے پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جماعت سے لیا گیا عہد دہرایا۔ مکرم اظہر خان صاحب نے ’’اسلام میں خلافت کی اہمیت‘‘ پر انگریزی میں تقریر کی۔ مکرم اسد محمود صاحب مربی سلسلہ نے ’’اطاعت خلافت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اختتام پر مکرم غالب صاحب نائب صدر جماعت احمدیہ لٹوکا نے دعا کروائی جس کے بعد چائے پیش کی گئی۔ حاضری ۱۶؍رہی۔ جماعت نسروانگا میں مورخہ ۳۰؍مئی کو جلسہ یوم خلافت صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم صدر صاحب جماعت نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور جلسہ کی اہمیت بیان کی۔جلسہ میں تین تقاریر پیش کی گئیں:’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ از مکرم ایوب شاہ صاحب، ’’خلافت سہارا ہے ہم غم زدوں کا‘‘ از عزیزم عطاءالہادی تبسم اور ’’حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں خلافت کا قیام‘‘ از خاکسار (مربی سلسلہ)۔ جلسہ کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی اور تمام حاضرین کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔ جلسہ میں حاضری ۳۴؍ رہی۔ جماعت ولودہ میں مورخہ ۳۰؍ مئی بروز جمعۃ المبارک نماز عصر کے بعد جلسہ کا آغاز ہوا۔ مکرم خواجہ فیض احمد صاحب نے ’’خلافت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور مکرم محمد افضال صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب برموقع صد سالہ خلافت جوبلی میں سے کچھ حصہ پیش کیا۔ خاکسار (مربی سلسلہ) نے ’’اتحاد و یکجہتی کی ضامن صرف خلافت حقہ ہے‘‘ پر تقریر کی۔ حاضری ۲۹؍ رہی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد احباب کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔ جماعت سینگاگا میں مورخہ ۳۰؍مئی کو نماز مغرب و عشاء کے بعد جلسہ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد دو تقاریر ہوئیں:’’قرآن مجید کی رُو سے خلافت کا قیام ‘‘ از مکرم صدر صاحب جماعت اور ’’خلافت سے وابستگی میں ہی تمام برکات ہیں‘‘ از خاکسار (مربی سلسلہ)۔ جلسہ میں حاضری ۲۱؍ رہی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد احباب کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو ان جلسہ جات سے بھرپورمستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: سیف اللہ مجید۔ مربی سلسلہ) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی اکیالیسویں نیشنل مجلسِ شوریٰ کا انعقاد