آن لائن نیشنل تربیتی سیمینار: (جرمنی، ۱۵؍مارچ ۲۰۲۵ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ جرمنی کا نیشنل تربیتی سیمینار ’’اصلاح نفس‘‘کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۵؍ مارچ کو آن لائن منعقد کیا گیا۔ سیمینار کے دوران مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچاج جرمنی نے سیمینار کے مرکزی موضوع پر اور مکرم طاہر احمد صاحب مبلغ سلسلہ و سیکرٹری تربیت نے ’’خوشگوار عائلی زندگی‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے انصار کو اپنی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ یہ پروگرام نیشنل شعبہ سمعی و بصری کے تعاون سے مجلس انصار اللہ کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا گیا۔ مجالس کی طرف سے آمدہ رپورٹس کے مطابق ۹۲؍مجالس میں ایک ہزار ۲۱۴؍انصار نے ایک ساتھ بیٹھ کر سیمینار سے استفادہ کیا جبکہ تین ہزار ۱۹۲؍انصار نے انفرادی حیثیت میں پروگرام سنا۔ بیت السبوح میں سامعین کی تعداد ۱۰۰؍کے قریب تھی۔ علمی ریلیز:انصار کا علمی معیار بہتر کرنے کے ليے مجالس میں علمی ریلیز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ماہ مارچ میں کارکردگی کے اعتبار سے علاقہ Württembergکی گیارہ مجالس نمایاں رہیں۔ عشرہ تعلیم القرآن: رمضان المبارک کے آخری عشرہ کو عشرہ تعلیم القرآن کے طور پر منایا گیا۔اس دوران انصار میں تلاوت قرآن کریم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیے گئے۔ ماہ رمضان کے دوران ہر ناصر کو قرآن کریم کا کم از کم ایک دور ضرور مکمل کرنے کی تلقین کی گئی۔ یوم مسیح موعود و یوم ایثار:۲۳؍مارچ کو یوم مسیح موعود کے دن یوم ایثار بھی منایا گیا۔ مساجد اور نماز سنٹرز کی صفائی، بیماروں کی تیمارداری، بے گھر افراد کو کھانا مہیا کرنا پروگرام میں شامل تھا۔ ۱۸۵؍مجالس کی طرف سے کارکردگی کی رپورٹس موصول ہوئیں۔ احمدیہ موبائل لنگر:۹؍مارچ کو میونخ کے انصار نے مقامی فلاحی ادارے Münchener Freiheitکے ساتھ مل کر ۲۷۵؍ضرورت مندوں کو کھانا مہیا کیا۔ ۲۵؍انصار نے اس کارخیر میں حصہ لیا۔ یوم ایثار کے موقع پر مجالس Hamburg, Bait ul Rasheed, Eidelstedt, Lurup, Altona, Fazal e Umar Moschee, Heimfeld اور Neuwied کے انصار کو ۵۷۰؍ ضرورت مندوں کو کھانا مہیا کرنے کی توفیق ملی۔ قیادت تبلیغ:ماہ مارچ میں ۳۰۰؍سے زائد سلسلہ کی کتب مقامی لائبریریوں میں رکھوائی گئیں۔ بڑے بڑے تبلیغی پوسٹرز معلوماتی سٹالز پر لگا ئے گئے۔ اسی سلسلے میں فرینکفرٹک کے ہوائی اڈے اور مرکزی ریلوے سٹیشن میں بھی مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ ایک دن میں ہزاروں لوگوں نے اس سے استفادہ کیا۔ ان کی طرف سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ مجالس Koblenz Tahir Moschee, Hanau, Augsburg, Wittlich, Essen اور Frankfurtنے نمایاں کام کرنے کی توفیق پائی۔ مجلس Hanauکی کوشش سے شہر کے میئر Mr.Maximilian Bieri نے شہر کی لائبریری میں کتب رکھوانے اور تبلیغی سٹال کے پروگرام میں شرکت کی۔ ۱۵ و ۱۶؍مارچ کو یوم تبلیغ منایا گیا۔ تمام مجالس نے مل کر پورے جرمنی میں فلائرز تقسیم کیے اور تبلیغی سیمینارز منعقد کیے۔ یوم تبلیغ کو جامع طور پر منانے والی مجالس میں Neuwied, Darmstadt City, Kaltenkirchen, Dithmarschen, Mahdiabad, Ludwigshafen, Tahir Moschee Nord, München, Limburg, Montabaur, Mainz Süd, Germersheim, Bad Marienberg, Weilburg اور Koblenz شامل ہیں۔ موصول شدہ رپورٹس کے مطابق ان تمام مجالس میں انصار بھائیوں نے پندرہ ہزار سے زائد فلائرز تقسیم کرنے کی توفیق پائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہ مارچ کے دوران مختلف مجالس میں تبلیغی میٹنگز بھی منعقد کی گئیں جس دوران مربیان کرام نے جماعتی تعارف کے علاوہ انسانیت، تشدد، انتہا پسندی، مذہبی رواداری، وطن سے محبت اور ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘پر روشنی ڈالی۔ تبلیغی میٹنگز منعقد کروانے والی نمایاں مجالس میں مجلس Mainz Süd اور Alzey شامل ہیں۔ ان تبلیغی میٹنگز میں ۲۵؍مہمان شامل ہوئے اور بعض اچھے تبلیغی رابطے بھی استوار ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کاوشوں کو درجہ قبولیت بخشتے ہوئے ہمیں مزید خدمت دین و انسانیت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: ’وارسا انٹرنیشنل بُک فیئر۲۰۲۵ء‘ میں جماعت احمدیہ پولینڈ کی شرکت