اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ وٹلش، جرمنی کو تبلیغ اور مقامی معاشرے میں جماعت احمدیہ کے تعارف کو بڑھانے کی غرض سے پہلا ’فیملی ڈے‘ مورخہ ۱۰؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پروگرام کے دن صبح دس بجے مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی۔ مقامی انتظامیہ، پولیس کے افسران، مذہبی راہنماء اور علمی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ خواتین مہمانوں کے لیے لجنہ اماء اللہ کی ممبرات نے نہایت احسن انداز میں جماعت کا تعارف کروایا، ویب سائٹس کے لنکس دیے، ایم ٹی اے کے پروگرامز کا تعارف پیش کیا اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات سے بھی روشناس کروایا۔ پردہ کی افادیت اور اس کے فلسفہ پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مہمانانِ گرامی نے جماعت کی خدمات کو سراہا اور امن و محبت کا پیغام دینے والے جماعتی ماٹو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کو بےحد پسند کیا۔ ایک یہودی تنظیم کے اہم رکن نے شرکت کی جنہیں مکرم صدر جماعت نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی دعوت دی۔ پروگرام میں جرمن مہمانوں کے علاوہ افغانستان، ترکی، مراکش، جنوبی امریکہ، کردستان، عرب دنیا اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے مہمان بھی شامل ہوئے۔ مجموعی طور پر ۷۶؍مہمان شریک ہوئے جن میں سے ۴۰؍پہلی مرتبہ جماعتی پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔ بچوں کے لیے کھیلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ (رپورٹ:جاوید اقبال ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ لتھوانیا کے پہلے نیشنل اجتماع کا کامیاب انعقاد