اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گھانا نے حسب سابق امسال بھی رمضان المبارک میں درس القرآن اور خدمت خلق کی مساعی اور عید الفطر نہایت مذہبی جوش و جذبے سے منائی۔ ملک بھر میں جماعتی مراکز، مساجد اور نماز سنٹرز میں بڑے پیمانے پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ہزاروں مرد، خواتین اور بچے شامل ہوئے۔ مکرم امیر صاحب بستان احمدیہ، اکرا میں خطبہ عید دیتے ہوئے رمضان المبارک کی سرگرمیاں اور درس القرآن ماہ رمضان کے دوران گھانا کی تقریباً تمام مساجد و نماز سنٹرز میں نماز تہجد اور نماز تراویح کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا۔ پہلی مرتبہ نیشنل ہیڈ کوارٹر بیت الوہاب میں بعد از نمازعصر تا قبل از افطار مرکزی سطح پر روزانہ درس القرآن کا سلسلہ جاری رہا، جس کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ ہوتاتھا۔ ان دروس میں مکرم حافظ عفیف احمد صاحب، حافظ اسماعیل ایڈوسئی صاحب، مولوی عمر اجیمنگ جیسی صاحب اور مولوی فراز یاسین ربانی صاحب نے قرآن کریم کے منتخب مضامین پر درس دیا۔ مقام درس مسجد بیت الوہاب آدم احمدیہ مسلم مشن ہیڈکوارٹر میں موجود احباب کے ساتھ ساتھ آن لائن سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی ہزاروں افراد نے براہ راست استفادہ کیا۔ ابورا ،کیپ کوسٹ سٹیڈیم میں نماز عید الفطر خدمت خلق کے کام:رمضان کے دوران، بالخصوص آخری عشرہ میں اور عید سے قبل سینکڑوں مستحقین میں عید کے تحائف اور اشیائے خور و نوش تقسیم کی گئیں۔ اس خدمت میں مجلس انصار اللہ، مجلس خدام الاحمدیہ، لجنہ اماء اللہ اور ہیومینٹی فرسٹ گھانا نے بھرپور کردار ادا کیا۔ نماز عید کے اجتماعات:امسال گھانا بھر میں ۳۱؍مارچ ۲۰۲۵ء بروز سوموار عید الفطر منائی گئی۔ نماز عید کے اوقات صبح نو بجے سے ساڑھے نو بجے تک مقرر کیے گئے۔ مختلف زونز میں سینکڑوں مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں کاسوا سینٹرل ریجن، منکسم، ابورا، سینٹرل ریجن، کیپ کوسٹ سینٹرل ریجن، ٹاکوراڈی، سویڈرو، ڈبواسی، سالٹ پانڈ، آسن، کماسی ،ممپونگ، والے والے، وا، سنیانی، سیفی زون، چیفو پراسو، ٹیما، ٹمالے، ایکرافو، کوفوریڈوا، برانگ اہافو، سرچرے اور یینڈی وغیرہ مقامات شامل ہیں۔ ان میں بعض اجتماعات کی رپورٹس مقامی ٹی وی، ریڈیو اور سوشل میڈیا پر بھی نشر کی گئیں۔ بستان احمد اشوگمن اکرا میں عید الفطر کا اجتماع سب سے بڑا اجتماع بستان احمد، اکرا میں منعقد ہوا جہاں مکرم الحاج مولوی محمد بن صالح صاحب امیر و مبلغ انچارج گھانا نے نماز عید پڑھائی۔ حاضری چار ہزار ۵۰۰؍سے زائد رہی۔ مجلس خدام الاحمدیہ نے حسب روایت صفائی و سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کی نگرانی کی جن میں تقریباً ۲۰۰؍خدام نے ڈیوٹی انجام دی۔ مکرم امیر صاحب نے خطبہ عید میں تقویٰ، اخلاق حسنہ اور نظم و ضبط قائم کرنے پر زور دیا۔ دیگر نمایاں اور اہم اجتماعات کیپ کوسٹ سٹیڈیم، ابورا زون: تقریباً اڑھائی ہزار افراد نے شرکت کی۔ نماز عید مکرم احمد بوائہنگ صاحب مقامی معلم نے پڑھائی اور مقامی میڈیا کو انٹرویو بھی دیا۔ منکسم: ریجنل مبلغ مولوی عبد الحمید طاہر صاحب نے نماز عید پڑھائی جس میں تین ہزار سے زائد احباب شامل ہوئے۔ اس موقع پر ۹۰؍سے زائد خدام و اطفال نے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے۔ منکسم زون کی دیگر جماعتوں میں بھی چھوٹے بڑے عید الفطر کے اجتماعات ہوئے۔ کاسوا سینٹرل ریجن میں عید الفطر کاسوا: یویو مارکیٹ کے عقب میں اجتماع منعقد ہوا جس میں دو ہزار ۴۰۰؍کے قریب افراد شامل تھے۔ کاسوا کے زونل مبلغ سلسلہ نے نماز پڑھائی اور خطبہ میں ‘عید الفطر کی اہمیت و عظمت نیز پنجگانہ نماز کی ادائیگی کی اہمیت’ پر روشنی ڈالی۔ وا، اپر ویسٹ ریجن: ریجنل مبلغ حافظ عبد الناصر بھٹی صاحب کی امامت میں پانچ ہزار افراد نے نماز عید ادا کی۔ متعدد حکومتی و مقامی معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ کماسی، اشانٹی ریجن: ریجنل مبلغ مولوی سید نعمت اللہ طاہر صاحب نے نماز عید کی امامت کروائی۔ چار ہزار سے زائد احباب شامل ہوئے۔ خطبہ کے بعد متعدد ٹی وی و ریڈیو چینلز اور اخبارات نے رپورٹ نشر کی۔ اسی طرح سیچرےایسٹ زون کی پانچ جماعتوں میں عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں کوننگو، آسوکورے، اگوگو، براڈوکاؤنو اور باؤورو کی جماعتیں شامل ہیں جن میں کل حاضری ایک ہزار سے زائد رہی۔ اس زون میں زونل مبلغ صاحب نے نماز عید پڑھائی ۔ ٹرکوا زون، ویسٹرن ریجن: پانچ مقامات پر اجتماعات ہوئے جن میں مجموعی طور پر ایک ہزار ۳۰۰؍افراد نے شرکت کی۔ ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات کے بعد خدام و اطفال کے دوستانہ فٹ بال میچز کرائے گئے جن کی رپورٹس بھی موصول ہوئیں۔ جیساکہ اسیام ڈینچریڈوا (Denkyiradua)وغیرہ۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: لجنہ اماءاللہ برکینافاسو کے ریجن لیو کے ریجنل اجتماع کا انعقاد