https://youtu.be/S05fus44WZY اللہ تعالیٰ کےفضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ماہ مارچ تا مئی ۲۰۲۵ء تین مساجد کے سنگ بنیاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ ٭…مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ریجن فیرکے کے گاؤں ہوفے کاہا (Houphouetkaha) میں ۲۴؍مارچ بروز سوموار مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔ اس جماعت میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۱۴ء میں ہوا جبکہ ۲۰۱۵ء میں کچی اینٹوں سے یہاں مسجد بنائی تھی جس میں گذشتہ ۱۰؍سال سے احباب جماعت پنجوقتہ باجماعت نمازیں اور نماز جمعہ ادا کر رہے تھے۔ اس مسجد کی زمین جو کہ ایک ہزار ۸۰۰؍مربع میٹر ہے مشن کو حکومتی طور پر ریزرو ایریا میں ملی جو کہ محل وقوع کے لحاظ سے ایک اچھی جگہ ہے اور فیرکے سے کوروگو شہر کوجانے والی شاہراہ پر واقع ہے۔ اس قطعہ زمین پر مرکز کی منظوری کے ساتھ مورخہ ۲۴؍مارچ مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس بابرکت تقریب سنگ بنیاد کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم زعیم صاحب انصاراللہ نے حاضرین کومقامی روایات کے مطابق خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ گاؤں کے چیف نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس مسجد کی تعمیر کو گاؤں اور جماعت کی ترقی کا ذریعہ قرار دیا جس کے بعد دعا کے ساتھ مسجد کا سنگ بنیادرکھا گیا۔ اس تقریب میں تقریباً ۱۰۰؍افراد نے شرکت کی۔ ٭… مکرم لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ Koidiobakoro، ریجن Agbovilleکو مورخہ ۲۵؍اپریل کو اپنی پہلی مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تقریب کے ليے مکرم عبد القیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ آبی جان سے تشریف لائے۔ تقریب کا آغاز مکرم امیر صاحب نے پہلی اینٹ رکھ کر کیاجس کے بعد ریجنل مشنری آگوویل، گاؤں کے چیف، لجنہ اماء اللہ و اطفال الاحمدیہ کے نمائندہ سمیت مزید ۱۰؍افراد نے اینٹ رکھنے کی سعادت پائی۔ دعا کروانے کے بعد مکرم امیر صاحب نے جمعہ پڑھایا۔ خطبہ جمعہ میں امیر صاحب نے مساجد کی اہمیت اور ’مساجد کی اصل خوبصورتی نمازیوں سے ہوتی ہے‘ پر روشنی ڈالی۔ نماز جمعہ کے بعد حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ یہ گاؤں آبیدجان شہر سے ۱۱۰؍کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ مسجد کے ليے زمین ایک احمدی خاندان نے دی ہے۔ اس تقریب میں ۴۰؍افراد نے شرکت کی۔ ٭…مکرم احتشام الحسن صاحب تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۲۰؍مئی بروز منگل صبح دس بجے کچولا شہر کی پہلی احمدیہ مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کی گئی۔ کچولا شہر میں مسجد کے ليے زمین ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب نے بطور ہدیہ دی تھی۔ مسجد کی یہ زمین ۶۰۰؍مربع میٹر کےدو پلاٹس پر مشتمل ہے جو کہ کچولا شہر سے دباکالا شہر جانے والے راستہ پر (نزد چوراہہ ایئر پورٹ) واقع ہے۔ اس زمین کے کاغذات و اجازت ِتعمیر کے حصول کی وجہ سے مسجد کی تعمیر میں کچھ عرصہ رکاوٹ رہی۔ بالآخر اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد کی تعمیر کی اجازت محکمہ تعمیرات کی جانب سے دی گئی اور مذکورہ بالا وقت پر مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب عمل میں آئی۔ اس تقریب کے ليے مکرم امیر صاحب نے مکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر آئیوری کوسٹ کو نمائندہ مقرر کیا نیز خاکسار (مبلغ سلسلہ ساں پیدرو) کو بھی سائٹ کا جائزہ لینے نیز تعمیراتی پلان کی غرض سے بھجوایا۔ ان کے علاوہ تقریب میں مکرم اسد علی صاحب مبلغ سلسلہ کچولا، لوکل معلم بواکے شہر، مکرم سلا ابراہیم صاحب اور دیگر احباب جماعت شامل ہوئے۔ مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اجتماعی دعا سے تقریب کا اختتام ہوا۔ کل حاضری ۲۰؍ تھی۔ اللہ تعالیٰ ہر سہ مساجد کی تعمیر و تکمیل کے مراحل آسان فرمائے، انہیں حقیقی ایمان کے ساتھ آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے نیزان کی برکت سے سعید روحیں حقیقی اسلام احمدیت کو پہچاننے اور قبول کرنے والی ہوں۔ آمین (رپورٹ:عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ Alzey، جرمنی کی بعض مساعی