https://youtu.be/HZJ8DeEI800 مکرمہ امۃ السمیع ارم صاحبہ اہلیہ مکرم عبدالرزاق صاحب ریجنل مبلغ لیو تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ ریجن لیو کو مورخہ ۱۰و۱۱؍مئی ۲۰۲۵ء کو اپنا سالانہ ریجنل اجتماع کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس بابرکت اجتماع کی مہمانِ خصوصی نیشنل عاملہ کی سیکرٹری تبلیغ مادام سکاندے عائشہ صاحبہ تھیں۔ ان کے ہمراہ مکرمہ ہاجرہ کنازوے صاحبہ بھی وفد میں شامل تھیں۔ ۱۰؍مئی کو نماز ظہر و عصر اور ظہرانے کے بعد اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و فرنچ ترجمہ سے ہوا۔ عہد اور نظم کے بعد ریجنل صدر صاحبہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس اجلاس میں دو اہم تقاریر ہوئیں جن کے موضوعات یہ تھے: ’’امن کی ترویج میں خواتین کی ذمہ داریاں‘‘ اور ’’نماز کی اہمیت‘‘۔ بعد ازاں ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد لوکل معلم صاحب نے مقامی زبان میں درس دیا۔ رات کے کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نظم، حفظ قصیدہ اور تقریر شامل تھے جو رات گیارہ بجے اختتام پذیر ہوئے۔ ۱۱؍مئی کو دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد معلم صاحب نے ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ پر درس دیا۔ اختتامی اجلاس صبح چھ بجے تلاوت قرآن کریم، نظم اور تربیتی تقاریر سے شروع ہوا۔ بعد ازاں ریجنل جنرل سیکرٹری صاحبہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کو انعامات سے نوازا گیا۔ آخر میں سیکرٹری تبلیغ نے اختتامی کلمات کہے اور دعا سے اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ریجنل سیکرٹری صنعت و تجارت کی جانب سے ایک خوبصورت نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا جسے شرکاء نے بےحد سراہا۔ اجتماع میں کُل ۱۷۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گیمبیا کی بعض سرگرمیاں