https://youtu.be/13jMsIJ5ct8 یوم تبلیغ کے موقع پر پیدل سفر اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ Alzey، جرمنی کو یکم مئی ۲۰۲۵ء بروز جمعرات یوم تبلیغ منانے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر ایک تبلیغی پیدل سفر منعقد کیا گیا۔ تبلیغی پیدل سفر اس روز شامل ہونے والے احباب وقت مقررہ پر نماز سنٹر میں حاضر ہوئے۔ تمام شرکاء نے سفید اور نیلی شرٹس زیب تن کی ہوئی تھیں جن پر ’’ہم سب جرمنی کے لیے ہیں‘‘اور ’’مسلمان امن کے لیے ہیں‘‘ کے نعرے درج تھے۔ دعا کے ساتھ پیدل سفر کا آغاز ہوا۔ اس دوران شہر کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کیا گیا جن میں تفریحی مقامات، سپورٹس ہال، بچوں کے کھیلنے کے پارک اور ایک مشہور جھیل شامل تھیں۔ چونکہ یہ دن سرکاری چھٹی کا تھا اس لیے جگہ جگہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جنہیں فلائرز تقسیم کیے گئے۔ میڈل اور سرٹیفکیٹ ملنے کی تقریب اسی دوران جماعت کو شہر کے مرکز میں یکم مئی کے حوالے سے منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں بھی شامل ہونے کا موقع ملا جس میں شہر کے میئر، انتظامیہ کے افسران، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور شہری بڑی تعداد میں شریک تھے۔ احباب جماعت کا پُرجوش خیر مقدم کیا گیا اور میئر و دیگر نمائندگان نے ہماری شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا، جماعت کے تیار کردہ فلائرز خوش دلی سے قبول کیے گئے اور بعض افراد سے رابطے کی تفصیلات بھی لی گئیں۔ اس تبلیغی پیدل سفر میں ۲۰؍خدام اور انصار نے شرکت کی۔ جماعت احمدیہ Alzeyکو میئر صاحب کی جانب سے تمغہ اور سرٹیفکیٹ ملنے کی تقریب مورخہ ۸؍مئی کو جماعت احمدیہ Alzey، جرمنی کو شہر کے میئر کی جانب سے ایک سالانہ تقریب میں رفاہی و فلاحی خدمات کے اعتراف میں میڈل اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز خاکسار (صدر جماعت احمدیہ Alzey)، مکرم مصور احمد شمس صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم عبدالقدوس صاحب زعیم مجلس انصاراللہ اور عزیزم صداقت احمد صاحب قائد مجلس خدام الاحمدیہ کو سٹیج پر بلا کر عطا کیا گیا۔ اس موقع پر میئر صاحب نے جماعت احمدیہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے پیغام کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔ اس تقریب میں شہر کی انتظامیہ، پولیس افسران، مختلف مذاہب اور علمی پس منظر رکھنے والے افراد نیز مختلف سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کے دوران جماعت احمدیہ کی فلاحی سرگرمیوں کی تصاویر ایک بڑی سکرین پر بھی دکھائی گئیں جس نے حاضرین پر گہرا اثر ڈالا۔ پروگرام کے اختتام پر متعدد شخصیات نے جماعتی وفد سے ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب کی خبر اگلے روز جرمن اخبار میں نمایاں انداز میں شائع ہوئی جس میں جماعت کو ملنے والے اعزاز کو اجاگر کیا گیا۔ الحمدللہ اللہ تعالیٰ اس اعزاز کو جماعت احمدیہ کے لیے مبارک فرمائے اور مستقبل میں بھی ہمیں خدمت خلق اور فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: طارق سہیل۔ صدر جماعت Alzey، جرمنی) مزید پڑھیں: الاسلام ویب سائٹ اور قرآن ایپ پر سویڈش ترجمۃ القرآن کی نئی سہولت