اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ساؤتومے نے یوم خلافت اور یومِ افریقہ کی مناسبت سے ۲۴؍مئی ۲۰۲۵ء کو عطیہ خون کا پروگرام منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ اس پروگرام کے ذریعہ یہ پیغام دیا گیا کہ جماعت احمدیہ خلافت احمدیہ کے سائے تلے نہ صرف دنیا بھر میں روحانی و اخلاقی ترقی کا ذریعہ بنی ہوئی ہے بلکہ افریقہ کی ترقی و بہبود کے لیے بھی سرگرم ہے۔ آج صرف خلافت احمدیہ ہی وہ واحد الٰہی نظام ہے جو بغیر کسی نسلی یا قومی امتیاز کے ایک ہی تعلیم پوری دنیا تک پہنچا رہا ہے۔ خاکسار نے اس موقع پر احباب جماعت کو یاد دہانی کروائی کہ ہمیں افریقہ میں ایک روحانی اور اخلاقی انقلاب پیدا کرنا ہے۔ صحت اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے اور خون جیسی قیمتی دولت بھی اس کی عطا کردہ ہے۔ پس ہمیں چاہيے کہ اپنی اس نعمت کو دوسروں کی جان بچانے کے لیے استعمال کریں۔ امسال ۳۶؍احباب جماعت نے عطیہ خون کی مہم میں حصہ لیا۔ مجموعی طور پر ۲۶؍خون کی بوتلیں جمع ہوئیں جو جماعت کے سابقہ پروگراموں سے زیادہ ہے۔ کچھ احباب پہلے ہی ضرورت کے تحت خون دے چکے تھے، اس لیے اس بار حصہ نہ لے سکے۔ اس سال کا ہدف ۲۰۰؍بوتلیں خون عطیہ کرنے کا ہے۔ اسی دوران جماعت احمدیہ یوکے کی مجلسِ شوریٰ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز خطاب احباب جماعت نے سنا جس کا پرتگالی زبان میں براہ راست ترجمہ کرنے کی سعادت خاکسار (مبلغ سلسلہ)کو حاصل ہوئی۔ بعدازاں نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ سوشل میڈیا پر اس پروگرام کے حوالے سے ۱۰۰؍سے زائد افراد نے محبت بھرے پیغامات ارسال کیے جن میں مختلف وزراء، سفیروں، میئرز، پروفیسرز اور سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔ (رپورٹ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ نائیجیریا میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد