اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کے ایک وفد کو مورخہ ۱۵؍مئی ۲۰۲۵ء بروز جمعرات ڈوڈوما میں وزیر داخلہ جناب Innocent Lugha Bashungwa سے ان کے دفتر میں ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ موصوف نے کچھ ماہ قبل ہی وزارتِ داخلہ کا قلم دان سنبھالا ہے۔ وفد کی قیادت مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے کی جس میں مکرم عبد الرحمٰن عامے صاحب مبلغ سلسلہ و نائب امیر، مکرم عابد محمود بھٹی صاحب نائب امیر و پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ، مکرم یحییٰ یوسف کمبولایا صاحب نیشنل سیکرٹری امور عامہ، مکرم کریم الدین شمس صاحب مبلغ سلسلہ ڈوڈوما ریجن اور مکرم خواجہ ثمر احمد صاحب بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران مکرم امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ تنزانیہ میں صحت، تعلیم، دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور قدرتی آفات کے وقت امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ وزیرِ موصوف نے تنزانیہ میں جماعت احمدیہ کی طویل خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی جدوجہد، خدمتِ خلق، تعلیم اور قیامِ امن کے میدان میں جماعت کا کردار نمایاں اور مثالی رہا ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اگر دیگر مذہبی تنظیمیں بھی جماعت احمدیہ کے نقشِ قدم پر چلیں تو ملک میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے۔ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ اختتام پر مکرم امیر صاحب نے وزیر صاحب کو سواحیلی ترجمۃ القرآن، جماعتی سواحیلی اخبار اور دیگر کتب بطور تحفہ پیش کیں، نیز انہیں جلسہ سالانہ تنزانیہ میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام احمدیت کا پیغام مزید سعید روحوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ تنزانیہ کی سالانہ پکنک ۲۰۲۵ء