جماعت نیورولونگ، گیمبیا میں تقریب آمین اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گیمبیا کی جماعت نیورولونگ کے امام مسجد مکرم محمد جاؤ صاحب کے بیٹے عزیزم رشید جاؤ (Rashidou Jawo) کو قرآن کریم مکمل کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک ریجنل وقف نو اجتماع مورخہ ۱۲؍مئی ۲۰۲۵ء کو اس بابرکت موقع پر نیورولونگ میں ایک شاندار تقریب آمین کا انعقاد کیا گیا جس میں احمدیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقہ بھر کے غیر احمدی احباب نے بھی شرکت کی۔ نمازِ ظہر کے بعد اجتماعی تلاوت قرآن کریم کی گئی جس کے بعد خاکسار(مبلغ سلسلہ)نے قرآن کریم سیکھنے، اس کے ترجمے کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد مقامی معلم صاحب اور غیر احمدی مولویوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عزیزم کی کوشش کو سراہا۔ آخر پر اجتماعی دعا کروائی گئی جس کے بعد حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اللہ تعالیٰ عزیزم کو قرآن کریم کی تعلیمات کو سمجھنے والا اور ان پر عمل کرنے والا بنائے۔ آمین لوئر ریور ریجن میں ریجنل وقف نو اجتماع کا انعقاد اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کو اپنا سالانہ ریجنل وقف نو اجتماع مانساکونکو کے ریجنل ہیڈکوارٹر میں مورخہ ۱۸؍مئی بروز اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اس بابرکت اجتماع میں واقفینِ نو کے ساتھ ان کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ پروگرام کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم سید سہیل احمد صاحب ریجنل سیکرٹری وقف نو نے اپنی افتتاحی تقریر میں اجتماع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بچوں کو مفید نصائح کیں۔ مجلس انصاراللہ کا ریجنل اجتماع اجتماع میں تلاوت قرآن کریم، آخری دس سورتیں، آیت الکرسی، سورۃ البقرہ کی ابتدائی آیات، چہل احادیث، نماز اور نصاب وقف نو پر علمی مقابلہ جات ہوئے۔ ورزشی مقابلوں میں دوڑ، لمبی چھلانگ اور میوزیکل چیئرز شامل تھے۔ بچوں کو عمر کے لحاظ سے دو گروپس میں تقسیم کر کے علیحدہ علیحدہ مقابلے کروائے گئے۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد دوسرے اجلاس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم داؤدا سنگھاٹے صاحب مبلغ سلسلہ نے نیشنل اجتماع واقفین نو یوکے ۲۰۲۵ء سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب کا خلاصہ پیش کیا جس کا مقامی زبان میں ترجمہ مکرم کیبا کنڈے صاحب معلم سلسلہ نے کیا۔ خاکسار (ایریا مشنری) نے بچوں کو باجماعت نماز، قرآن کریم کی تعلیم، والدین کی اطاعت، حسنِ اخلاق اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ باقاعدگی سے سننے کی تلقین کی۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے واقفین نو و واقفات نو میں انعامات تقسیم کیے گئے اور دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں ظہرانہ سے شاملین کی تواضع کی گئی۔ اس اجتماع میں واقفین نو کی تعداد ۱۴؍تھی جبکہ والدین اور دیگر احباب کو ملا کر کل حاضری ۵۳؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک مجلس انصاراللہ گیمبیا کے ریجن فونی کا ریجنل اجتماع اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ گیمبیا کے فونی ریجن کو اپنا ریجنل اجتماع مورخہ ۱۸؍مئی ۲۰۲۵ء بروز اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ اجتماع کی صدارت مکرم عبد اللہ باہ صاحب ریجنل صدر انصاراللہ نے کی۔ پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد گاؤں کے الکالو (چیف) مکرم موڈو فال صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم عمر باہ صاحب معلم سلسلہ نے ’’آنحضرتﷺ کا اسوہ حسنہ‘‘ پر اور مکرم خطاب بادجائی صاحب معلم سلسلہ نے ’’انصاراللہ کی موجودہ معاشرے میں کردار کی اہمیت اور ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ ایریامشنری مکرم ابراہیم باہ صاحب معلم سلسلہ نے انصار کو تبلیغ احمدیت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے انہیں اس سلسلہ میں قرآن کریم، احادیث اور حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کے ذریعہ اپنا علم بڑھانےکی تلقین کی۔ نماز ظہروعصر کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال و جواب ہوئی۔ بعدہٗ ریجنل صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے اپنے ایمان اور خلافت کے ليے ہر قسم کی قربانی دینے کے ليے ہروقت تیار رہنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد ایریا مشنری نے اجتماعی دعا کروائی اور سہ پہر چار بجے اجتماع کا اختتام ہوا۔ بعد از دعا شاملین کی ظہرانے سے تواضع کی گئی۔ اس اجتماع میں ۱۷؍انصار، ۲؍خدام، ۶؍اطفال سمیت کُل ۲۹؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ (رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ سیرالیون کا ریفریشر کورس برائے نیشنل عاملہ و ریجنل ناظمین