https://youtu.be/SEfvzc-9toE ٭… امریکی محکمہ خزانہ کے بیان کے مطابق امریکہ نے الجزائر، ترکیہ، نیدرلینڈز، اٹلی اور غزہ کے پانچ خیراتی اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا۔ امریکی محکمہ خزانہ نے فلسطین کےلیے امداد جمع کرنے والے پانچ خیراتی اداروں کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیدیا۔ امریکہ نے پابندی کا شکار تنظیموں پر حماس کی مالی معاونت کا الزام عائد کیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق بلیک لسٹ امدادی اداروں کے تمام امریکی اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔ امریکہ نے وارننگ دی ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں ہوں گی۔ امریکی حکام کے مطابق انسانی ہمدردی کی آڑ میں خیراتی ادارے دہشتگردوں کو فنڈنگ فراہم کر رہے تھے، غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس سے فلسطینیوں کو ہی نقصان پہنچ رہا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کا مقصد سزا نہیں بلکہ رویے کی اصلاح ہے۔ ٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں راہنماؤں نے ایران سے جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر نے نیتن یاہو کو بتایا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے امکانات ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے نیتن یاہو سے کہا کہ فی الحال ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی مخالفت کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان گفتگو پیر کے روز فون پر ہوئی۔ ٭… ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے کہا ہے کہ امریکہ سے جوہری معاہدہ نہ ہونے پر اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے نوبت وہاں تک نہیں پہنچے گی اور مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، لیکن اگر ایسا نہ ہوا اور ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے نقصانات ایران کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حملے کی صورت میں امریکہ کو اس خطے سے نکلنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ امریکہ اور ایران کے جوہری مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو مسقط میں متوقع ہے۔ ٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ امید کم ہے کہ ایران جوہری معاہدے میں یورینیم کی افزودگی روکنے پر راضی ہو جائے گا۔ نہیں معلوم کہ ایران کو جوہری پروگرام بند کرنے پر راضی کرسکیں گے یا نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مجھے پہلے ایسا لگتا تھا لیکن اب اس بارے میں میرا اعتماد کم ہوتا جارہا ہے۔ ٭… امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سفیر کو پرسونا نان گریٹا (ناپسندیدہ شخصیت) قرار دے دیا گیا ہے۔ایکس پر اپنے بیان میں امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں جنوبی افریقہ کے سفیر ابراہیم رسول کا ’’اب ہمارے عظیم ملک میں خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔‘‘ اُن کا کہنا تھا کہ ابراہیم رسول ’ریس بیٹنگ‘ ( رنگ و نسل کی بنیاد پر لوگوں کو نشانہ بنانے والے) سیاست دان ہیں جو صدر ٹرمپ اور امریکہ سے نفرت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جنوبی افریقہ کے سفیر سے کوئی بات نہیں کرنی، لہٰذا انہیں ’ناپسندیدہ شخصیت‘قرار دیا جا رہا ہے۔ ٭… بھارتی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ جمعرات کو گر کر تباہ ہو گیا، جس پر ۲۳۲؍مسافر اور ۱۲؍عملے کے ارکان سوار تھے۔ یہ حادثہ احمد آباد ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے چند منٹ بعد پیش آیا۔بھارتی سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز AI171، جو بوئنگ 787 ڈریم لائنر تھی، مقامی وقت کے مطابق دوپہر ۱:۳۸؍بجے ٹیک آف کے پانچ منٹ بعد میگھانی نگر کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوئی۔ یہ پرواز لندن کے گیٹ وک ایئرپورٹ جا رہی تھی۔ مقامی ٹیلی ویژن چینلز پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں حادثے کی جگہ سے گہرا سیاہ دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ایئر انڈیا اور مقامی حکام نے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گرا لیکن ہلاکتوں کی تعداد یا زخمیوں کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔ ٭… ملائیشیا میں بس حادثے میں پندرہ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ۳۳؍زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویشناک ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں مرنے والوں میں چودہ طالب علم شامل ہیں۔ بس میں یونیورسٹی طالبعلم سوار تھے۔ ٭… برطانوی بادشاہ چارلس نے پاکستانی نژاد لندن کے میئر صادق خان کو نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے نوازا، برٹش پاکستانی صادق خان ۲۰۱۶ءسے لندن کے میئر ہیں۔ میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ بادشاہ سے نائٹ ہُڈ کا اعزاز لینے پر بے حد فخر ہے۔ ٹوٹنگ کے کونسل گھر میں جوان ہوا، کبھی سوچا بھی نہ تھا یہ اعزاز ملے گا۔خیال رہے کہ صادق خان تاریخ میں پہلے شخص ہیں جو مسلسل تیسری بار لندن کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن