محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سویڈن کے تحت قرآن کریم کے سویڈش ترجمہ کی آن لائن دستیابی کے منصوبے میں ایک نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ اب قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ الاسلام ویب سائٹ پر صرف پی ڈی ایف کی صورت میں نہیں بلکہ سرچ کی سہولت کے ساتھ بھی دستیاب ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ترجمہ جماعتی قرآن ایپ میں بھی شامل کر دیا گیا ہے جہاں صارفین نہ صرف آیات کی تلاش کرسکتے ہیں بلکہ ساتھ ہی ان کا ترجمہ بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت خاص طور پر قرآن کریم کا باقاعدہ مطالعہ کرنے والے احباب اور تحقیقی کاموں میں مصروف افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہو گی۔ کسی بھی آیت کی تلاش کے ساتھ فوراً اس کا سویڈش ترجمہ حاصل کرنا اب ممکن ہو گیا ہے جو کہ ایک بڑی تکنیکی سہولت ہے۔ اس منصوبہ کو مکمل کرنے کے لیے مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن کی ہدایت پر مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے کام کی نگرانی کی۔ اس منصوبہ پر عملی کام مکرم شازل احمد افضل صاحب نے انجام دیا جنہوں نے الاسلام ویب ٹیم کی راہنمائی کے مطابق قرآن کریم کے سویڈش ترجمہ کو مخصوص فارمیٹ میں یکجا کیا۔ اس سلسلہ میں مکرم فاتح شمس صاحب الاسلام ٹیم کے ساتھ رابطے میں رہے اور تمام ہدایات متعلقہ افراد تک بہم پہنچاتے رہے۔ اللہ تعالیٰ اس منصوبہ میں شامل تمام احباب کو جزائے خیر عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ عالمگیر کے تمام افراد کو اس نئی سہولت سے بھرپور استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ لتھوانیا کے پہلے نیشنل اجتماع کا کامیاب انعقاد