اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ سیرالیون کو نیشنل عاملہ اور ریجنل ناظمین کے لیے دو روزہ ریفریشر کورس ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن میں مورخہ ۳و۴؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک ۳؍مئی کو ریفریشر کورس کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے تلاوتِ قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ عہدیداران کے تعارف کے بعد ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب صدر مجلس انصار اللہ سیرالیون نے افتتاحی کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ریفریشر کورس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اسی طرح مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سیرالیون نے خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں انصار اللہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مکرم چیف مامبو صاحب قائد عمومی نے تنظیمی ذمہ داریوں پر مفصل لیکچر دیا اور واضح کیا کہ تمام شعبہ جات کی باہمی ہم آہنگی اور ماہانہ رپورٹنگ نظام کی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب قائد تربیت نے نماز باجماعت، تلاوت، نوافل اور دعاؤں کی طرف خصوصی توجہ دلائی اور کہا کہ ریجنل ناظمین اور نیشنل عاملہ کو جماعتوں کو فعال بنانے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ مکرم رحیم شریف صاحب، قائد تجنید نے شعبہ تجنید کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا جس میں خاکسار (قائد تعلیم القرآن و وقفِ عارضی) نے ان دونوں شعبہ جات کی اہمیت بیان کی۔ مکرم حسن تیجان صاحب قائد مال نے چندہ انصار اللہ کی موجودہ صورتحال پیش کی اور حاضرین کو مزید افراد کو شامل کرنے کی ترغیب دی۔ ان کی پیش کردہ رپورٹ پر حاضرین نے مفید تجاویز بھی دیں۔ اس کے بعد شعبہ رشتہ ناطہ پر ایک مختصر لیکچر ہوا جس میں نوجوانوں کی راہنمائی میں انصار اللہ کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ اختتامی تقریر میں مکرم عبدالحئ کوروما صاحب قائم مقام امیر سیرالیون نے اس بابرکت ریفریشر کورس کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انصار اللہ کے عہدیداران متحرک ہو جائیں تو پوری تنظیم فعال ہو سکتی ہے اور ہم خلافت کے سلطان نصیر بننے کی عملی تصویر بن سکتے ہیں۔ پروگرام کا اختتام شام پانچ بجے دعا کے ساتھ ہوا۔ ریفریشر کورس میں پانچ ریجنل ناظمین سمیت کل ۲۷؍افراد نے شرکت کی۔ تمام شرکاء نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط بھی لکھے۔ (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ کے ’فیرکے‘ ریجن میں ریجنل لائبریری کا افتتاح