https://youtu.be/e3KeKJyJGTo اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ لتھوانیا کو اپنا پہلا سالانہ اجتماع ’’وَاعۡتَصِمُوۡا بِحَبۡلِ اللّٰہِ جَمِیۡعًا وَّلَا تَفَرَّقُوۡا‘‘ کے مرکزی موضوع پر ۱۲و۱۳؍اپریل ۲۰۲۵ء كومنعقد كرنے كی توفیق ملی۔ پروگرام کا انعقاداور مہمانان کے ليے رہائش اور ضیافت کاانتظام مشن ہاؤس میں کیا گیا۔ تاہم ورزشی مقابلہ جات کے ليے یونیورسٹی کا ہال کرایہ پر لیا گیاتھا۔ اللہ تعالیٰ كے فضل سے سالانہ اجتماع كی تیاری كے حوالے سے بہت سارے کام انتظامیہ اجتماع كی طرف سے قبل از وقت مكمل كر ليے گئے تھے جس میں رہائش گاہ کا قیام، شعبہ ضیافت كے انتظامات اور انعامات كی تیاری جیسے كام شامل ہیں۔ اجتماع کے مرکزی موضوع کو بینرز پر اردو اور لتھوانین ترجمہ کے ساتھ لکھ کر خدام کے لوگو اور پہلے نیشنل اجتماع کے عنوان كے ساتھ اجتماع گاہ میں آویزاں كیا گیا تھا۔ پہلا دن:۱۲؍اپریل بروز ہفتہ انفرادی طور پر نمازِ تہجد کے ساتھ سالانہ اجتماع کے پہلے دن کا آغاز ہوا جس کے بعد باجماعت نمازِ فجر ادا کی گئی اور درس پیش کیا گیا۔ صبح ساڑھے نو بجے سالانہ اجتماع کے افتتاحی اجلاس کاآغاز ہوا جس کی صدارت خاكسار (صدر مجلس خدام الاحمدیہ لتھوانیا )نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد كے بعد مكرم رانا حریرہ صاحب ناظم ورزشی مقابلہ جات اور مكرم رانا عمیر صاحب ناظم علمی مقابلہ جات نے باری باری مقابلہ جات کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ اس کےبعد بنگلہ زبان میں نظم مع انگریزی ترجمہ پیش كی گئی جس كے بعد خاكسار كی گزارشات اور دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد:اجتماع کے پہلے دن تمام ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ گیارہ بجے خدام کے والی بال کے مقابلہ کا آغاز کیا گیاجس کے بعد کرکٹ، فٹ بال، باسکٹ بال، ثابت قدمی، دوڑ سو میٹر اور تین ٹانگ دوڑ کے مقابلے ہوئے۔ اسی طرح اطفال کے پنلٹی شوٹ اور دوڑ ۲۰؍میٹر کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ مقابلہ جات کے دوران ریفریشمنٹس کا انتظام موجود تھا۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی اور كھانے كے وقفے كے بعد مشن ہاؤس میں کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی اور ٹیبل ٹینس سنگل کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلہ جات کے بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور یوں پہلے دن کا اختتام ہوا۔ دوسرا دن:۱۳؍اپریل بروز اتوار انفرادی نمازِ تہجد، باجماعت نماز فجر اور درس کے ساتھ دوسرے اور آخری دن کا آغاز ہوا۔ صبح ساڑھے دس بجے مقابلہ تلاوت کے ساتھ علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جس کے بعد نظم، اذان، کوئز علم القرآن، كسوٹی، کوئز کتاب ’اسلام میں اختلافات کا آغاز‘، بیت بازی، تقریر، تقریر فی البدیہہ اور پیغام رسانی کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ علمی مقابلہ جات میں لتھوانیا اور پولینڈ سے شامل مربیان کرام نے منصفین کے فرائض سرانجام دیے۔ اختتامی اجلاس:علمی مقابلہ جات کے اختتام کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد نمازِ ظہر وعصر باجماعت ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد اختتامی اجلاس کاآغاز مكرم احمد فراز صاحب صدرجماعت احمدیہ لتھوانیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن كریم، نظم اور عہد سے ہوا۔ بعدازاں مكرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ لتھوانیا اور مكرم منیب احمد چٹھہ صاحب مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ پولینڈ نے خدام کو اجتماع كی اہمیت نیز اپنے اندر روحانی تبدیلیاں پیدا كرنے كی طرف توجہ دلائی۔ اس كے بعد اجتماع كی رپورٹ پیش كی گئی اور اطفال الاحمدیہ كی طرف سے ایک ترانہ پیش كیا گیا۔ انعامات كی تقسیم كے بعد مکرم احمد فراز صاحب صدرجماعت احمدیہ لتھوانیا نے اختتامی تقریر میں خدام كو خلافت كی اطاعت اور وحدت كو ہمیشہ قائم ركھنے كی طرف توجہ دلائی۔ دعا كے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ لتھوانیا کے پہلے سالانہ اجتماع کا اختتام ہوا۔ اس بابرکت اجتماع میں مجموعی طور پر ۳۲؍افراد نے شرکت کی جن کا تعلق تین مختلف ممالک سے تھایعنی لتھوانیا، لٹویا اور پولینڈ۔ (رپورٹ:باسل احمد سید۔صدر مجلس خدام الاحمدیہ لتھوانیا) مزید پڑھیں: ’وارسا انٹرنیشنل بُک فیئر۲۰۲۵ء‘ میں جماعت احمدیہ پولینڈ کی شرکت