https://youtu.be/8hJHQbJazdI مکرم حافظ شہباز احمد مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فیرکے (Ferkessedougou)، آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۲۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو ایک ریجنل لائبریری کے افتتاح کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک یہ لائبریری فیرکے ریجن کے ایک مرکزی مقام پر اس انٹرنیشنل روڈپر واقع ہے جو دارالحکومت آبیجان کو برکینافاسو اور مالی سے ملاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے موزوں جگہ کرائے پر حاصل کی گئی۔ افتتاحی تقریب مورخہ ۲۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو منعقد ہوئی جس میں مکرم کونے داؤدا (Kone Daouda) صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ نے دعا کے ساتھ لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر فیرکے جماعت کے احباب کے علاوہ متعدد غیر از جماعت معززین نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم سنفو ہاشم صاحب نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا اور نائب امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو جماعتی کتب، قرآن کریم کے تراجم اور حضرت مسیح موعودؑ و خلفائے کرام کی تصاویر کا تعارف کروایا گیا۔ علاوہ ازیں مہمانوں کو ریویو آف ریلیجنز کے چند نسخے بطور تحفہ پیش کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ اس ادنیٰ سی کاوش کو قبول فرمائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس لائبریری سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:عبدالنور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سیرالیون کی رمضان المبارک میں مساعی اور نماز عید الفطر کی ادائیگی