اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۶؍مئی ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد کو وانتا (Vantaa) شہر کے میئر جناب Pekka Timonenسے ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ یہ وفد ان احباب پر مشتمل تھا: مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ، مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ اور مکرم احمد فاروق قریشی صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ۔ یہ ملاقات اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل تھی کہ حال ہی میں جماعت احمدیہ کو اسی شہر وانتا میں اپنی پہلی مسجد جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’’مسجد نور‘‘ عطا فرمایا ہے، کے لیے ایک عمارت خریدنے کی توفیق ملی ہے۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وفد کی جانب سے جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف ایک پریزنٹیشن کے ذریعہ پیش کیا گیا۔نیز میئر صاحب موصوف کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیامِ امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی عالمی کاوشوں سے بھی روشناس کروایا گیا نیز جماعت احمدیہ کی سوشل ویلفیئر سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ میئر صاحب نے مسجد نور کے منصوبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس کی افتتاحی تقریب میں شمولیت کے ارادہ کا بھی اظہار کیا۔ میئر صاحب نے جماعت کے فلاحی کاموں، قیامِ امن اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بہت سراہا اور بتایا کہ ان باتوں سے وہ پہلے آگاہ نہ تھے۔ ملاقات کے اختتام پر وفد نے انہیں قرآن کریم کا فنش ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا۔ (رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسوو کے بارھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد