اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ پولینڈ کو ۱۵تا۱۸؍مئی ۲۰۲۵ء وارسا میں منعقدہ بین الاقوامی کتب میلہ (Warsaw International Book Fair) میں مؤثر انداز میں اسلام احمدیت کا پیغام پیش کرنے کی توفیق ملی۔ اس سال میلہ Palace of Culture and Science، پلاک ڈیفیلات (Plac Defilad) اور پہلی مرتبہ میوزیم آف ماڈرن آرٹ میں منعقد ہوا۔ یہ پولینڈ کا سب سے بڑا ادبی پروگرام ہے جس میں ۶۰۰؍سے زائد ملکی و غیر ملکی اداروں نے شرکت کی جبکہ ۲۰؍ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک ہزار مصنفین، مترجمین اور پبلشرز بھی شریک ہوئے۔ امسال تقریباً ایک لاکھ ۲۰؍ہزار افراد نے اس میلہ کا دورہ کیا۔ جماعت احمدیہ کی جانب سے پولش زبان میں ۲۰؍مختلف کتب و بروشرز پیش کیے گئے جن میں سے ۸۶۷؍کتب مہمانوں میں فروخت یا مفت تقسیم ہوئیں۔ اس کے علاوہ ۸؍مختلف موضوعات پر تیار کردہ فلائرز کی دو ہزار سے زائد کاپیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ اس سال جماعت نے پہلی مرتبہ ایک انٹرایکٹو پریزنٹیشن تیار کی جس کے ذریعہ مہمان قرآن کریم کی تلاوت سن سکتے تھے، جماعت احمدیہ کی تعارفی ویڈیو ملاحظہ کر سکتے تھے اور ایک دلچسپ اسلامی کوئز میں حصہ لے سکتے تھے۔ اس پریزنٹیشن کو مہمانوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔ ہفتہ کے روز لجنہ اماء اللہ پولینڈ نے سٹال سنبھالا جس سے مہمان خواتین کو احمدی خواتین سے براہ راست گفتگو کرنے کا موقع ملا۔ الحمدللہ، بک فیئر میں شرکت کے نتیجہ میں کئی نئے رابطے قائم ہوئے جن میں بعض تعلیمی ادارے اور جامعات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں دو انٹرویوز بھی ریکارڈ کیے گئے جو جماعت کے تعارف پھیلانے کا ذریعہ بنے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان مساعی کو شرفِ قبولیت بخشے اور ہمیں اسلام احمدیت کے پیغام کو دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: منیب احمد چٹھہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت فرائنز ہائم، جرمنی کا یوم تبلیغ کے موقع پر ۱۷؍کلومیٹر کا ایک سائیکل سفر