اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کی حفظ القرآن کلاس کی تقریب اسناد و انعامات بیت السبوح، فرینکفرٹ میں مورخہ ۲۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم حیدر علی ظفر صاحب مربی سلسلہ نے کی۔ یہ اس نوعیت کی تیسری تقریب تھی۔ جرمنی میں حفظ القرآن کے پروگرام کا آغاز ۲۰۱۷ء میں شعبہ تعلیم کی زیر نگرانی ہوا تھا۔ ۲۰۲۰ء میں یہ ذمہ داری سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی کو دے دی گئی اور اب تک خدا کے فضل سے چھ نوجوان قرآن کریم حفظ کر چکے ہیں۔ اسی طرح اس تقریب میں مزید دو حفاظ نے قرآن کریم حفظ کرنے پر انعامات اور اسناد حاصل کیں۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد حفظ القرآن کلاس کے انچارج لئیق احمد صاحب نے قرآن کریم حفظ کرنے والے دونوں نوجوانوں کا تعارف پیش کیا۔ حافظ اسماعیل الرحمان ابن فضل الرحمان صاحب کا تعلق جماعت Steinbach سے ہے۔ آپ نے ۲۲؍جولائی ۲۰۱۸ء کو قرآن حفظ کرنا شروع کیا اور ۲۳؍اپریل ۲۰۲۵ء کو حفظ مکمل کرنے کی توفیق پائی۔ مکرم عبدالقادر اور حافظ مبارک احمد صاحب نے حفظ کرنے میں مدد فراہم کی۔ آپ نے عرصہ پانچ سال آٹھ ماہ میں حفظ مکمل کیا۔ اجلاس میں آپ کے عرصہ حفظ کے دوران مختلف مراحل کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ حافظ روحان مسرور ملک ابن ملک منصور احمد صاحب کا تعلق ڈبلن، آئر لینڈ سے ہے۔ انہوں نے مئی ۲۰۲۰ء میں اپنی والدہ کی زیر نگرانی قرآن کریم حفظ کرنا شروع کیا۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے آپ مرکز کی اجازت سے جماعت جرمنی کی حفظ القرآن کلاس کا حصہ بن گئے۔ آپ نے ۱۶؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو حافظ طارق احمد صاحب کی زیر نگرانی حفظ مکمل کیا۔ آپ کی عمر ۱۴؍سال ہے۔ دونوں حفاظ کو مکرم حیدر علی ظفر صاحب نے اسناد و انعامات دیے۔ بعد ازاں حافظ قدرت اللہ صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی نے جاری مختلف پراجیکٹ معلمین کلاس، اساتذہ کی تیاری، وقف عارضی اور حفاظ کے ليے دہرائی کی سہولت کی تفاصیل بتائیں۔ ہشام احمد صاحب نے اپنی مختصر گفتگو میں بتایا کہ حفظ القرآن کا کا م دو درجوں پر کیا جا رہا ہے۔ پہلے درجہ میں آٹھ سے گیارہ سال کی عمر کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے اور دوسرے درجہ میں بارہ سال سے زائد عمر کے بچے شامل کیے گئے ہیں۔ آخر پر مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچاج جرمنی نے قرآن کریم سیکھنے اور دوسروں کو سکھانے کی اہمیت پر تقریر کی۔ دعا سے قبل معلمین، طلبہ اور باقاعدگی سے دہرائی کرنے والے حفاظ نیز وقف عارضی میں بھرپور تعاون کرنے والی جماعتوں اور لوکل امارتوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ (رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: تبلیغی پروگرام زیر اہتمام لجنہ اماء اللہ وائٹ ہل اینڈ بورڈن، یوکے