امسال سیرالیون میں رمضان المبارک کا آغاز یکم مارچ ۲۰۲۵ء کو ہوا۔ اس بابرکت مہینے میں ملک بھر کی جماعتوں میں پنجوقتہ نمازوں، نماز تراویح اور درس القرآن و حدیث کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا۔ مبلغین، معلمین، ائمہ مساجد، لوکل مشنریز نیز جامعة المبشرین کے سال اول و دوم کے طلبہ نے وقف عارضی کے تحت مختلف جماعتوں میں دینی خدمات انجام دیں۔ اسی طرح مدرسۃ الحفظ کے فارغ التحصیل اور زیرِتعلیم حفاظ نے بھی کئی مقامات پر نماز تراویح کی امامت کروائی۔ ہیڈ کوارٹر فری ٹاؤن میں متعین عزیزم حافظ حسن سیسے نے نماز تراویح میں قرآن کریم کے ایک بڑے حصہ کی تلاوت کی جس میں احمدیوں کے علاوہ غیر از جماعت افراد، مرد و خواتین بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئیں۔ آخری عشرے میں نماز تہجد باجماعت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ خدام، اطفال، ناصرات، ممبرات لجنہ اماءاللہ اور انصار نے قرآن کریم کے ایک یا دو دَور مکمل کیے۔ کئی مقامات پر نماز ظہر یا عصر کے بعد درس القرآن کا سلسلہ جاری رہا اور بعض جماعتوں میں ۲۹یا۳۰؍رمضان تک قرآن کریم کا دَور مکمل کیا گیا۔ احباب کو ایم ٹی اے پر نشر ہونے والے دروس القرآن سے استفادہ کی تلقین کی جاتی رہی اور کثیر تعداد نے اس سے فیض پایا۔ امسال رمضان المبارک میں یوم مسیح موعود بھی آیا جسے سیرالیون بھر میں بھرپور انداز میں منایا گیا۔ روایتی طور پر اکثر مقامات پر احباب نے کُلُوْا جَمِیْعًا کے تحت مساجد میں اجتماعی افطاری کی جبکہ آخری ایام میں بعض مقامات پر سحری کا بھی مشترکہ انتظام رہا۔ تبلیغ اور افطار پروگرامز:رمضان کے دوران متعدد تبلیغی مواقع بھی میسر آئے۔ ۲۲؍مارچ کو ہیڈکوارٹر فری ٹاؤن میں اجتماعی افطار کا انعقاد کیا گیا جس میں وزراء، اعلیٰ سرکاری افسران، مذہبی راہنما، ائمہ اور بعض غیر مسلم معززین نے شرکت کی۔ مقررین نے جماعت احمدیہ کے کردار اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو سراہا۔ مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے احمدیت کی تعلیمات اور عالمگیر امن کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مساعی کا ذکر کیا۔ ۲۳؍مارچ کو ایک سکھ بزنس مین جناب مہندر بیر سنگھ نے جماعت کو افطاری پر مدعو کیا جس میں مکرم امیر صاحب کی قیادت میں ۵۰؍سے زائد احمدیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ممبر آف پارلیمنٹ اور دیگر معززین بھی شریک ہوئے۔ امیر صاحب نے جماعت کی امن عالم کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ لجنہ اماء اللہ نے بھی ہیڈکوارٹرز میں افطار کا اہتمام کیا جبکہ ریجنز کی سطح پر افطار پروگرامز منعقد کیے جن میں احمدیوں کے علاوہ غیر از جماعت کی ایک اچھی تعداد شامل ہوئی۔ ان مواقع پر احمدیت کا پیغام بڑے اچھے رنگ میں پہنچایا گیا۔ عید الفطر کے اجتماعات:رمضان المبارک کے ۲۹؍روزے مکمل ہونے کے بعد عید الفطر کا پُرمسرت تہوار ۳۰؍مارچ ۲۰۲۵ء بروز اتوار منایا گیا۔ سیرالیون بھر میں جماعت احمدیہ کے تحت نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ دار الحکومت فری ٹاؤن کے مشرقی و مغربی ریجنز سمیت تمام ریجنل ہیڈکواٹرز کی جانب سے مساجد، احمدیہ سکول کے کھلے میدانوں یا عیدگاہوں میں نماز عید کے متعدد بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال، خدام اور انصار نے ایک روز قبل ان عیدگاہوں کو وقارعمل کے ذریعہ تیار کیا تھا۔ ان کے علاوہ تمام جماعتوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ ریجنز کے مرکزی اجتماعات میں اوسطاً حاضری ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار رہی۔ جبکہ جماعتوں کی اوسطاً حاضری ۴۰۰؍سے ۸۰۰؍رہی جن میں احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت احباب کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ نماز عید کے بعد خطبہ عید میں احباب جماعت کو رمضان کی برکات کے جاری رکھنے، عید سے حقیقی فیض اٹھانے، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت وسلامتی اور خلا فت احمدیہ کے استحکام اور اطاعت و محبت میں بڑھنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے حالات کے حوالہ سے خصوصی دعاؤں کی تحریک کی گئی۔ نماز عید کے اجتماعات کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے۔ تفصیلی ریجنل رپورٹس ٭…فری ٹاؤن:۳۰؍مقامات پر اجتماعات، مرکزی اجتماع میں دو ہزار ۵۰۰؍سے زائد افراد کی شرکت، مکرم امیر صاحب نے نماز عید پڑھائی۔ مسجد بیت السبوح، ڈاک یارڈ میں بھی دو سے اڑھائی ہزار کی حاضری رہی۔ ٭…بو شہر:مرکزی جلسہ گاہ میں اجتماع، حاضری تقریباً دو ہزار ۵۰۰۔ ریجن بھر میں ۷۰؍مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔ بو احمدیہ ریڈیو اور SLBC ریڈیو پر خطبہ عید براہ راست نشر کیا گیا۔ ٭… کینیما:۳۸؍مقامات پر اجتماعات، ناصر احمدیہ سکینڈری سکول کے میدان میں ایک ہزار ۶۰۰؍حاضری۔ ٭…نارتھ ایسٹ:۸۰؍مقامات پر اجتماعات۔ مکینی شہر میں ۱۵؍مساجد میں نماز عید۔ بونکوبانہ جماعت میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ٭…پورٹ لوکو:۱۶؍مقامات پر اجتماعات، مرکزی اجتماع میں ایک ہزار ۲۱۰؍حاضری۔ ٭…مشاکا:۴۰؍مقامات، مرکزی اجتماع میں ۵۵۰؍حاضری۔ ٭…دارو:۱۷؍جماعتوں میں نماز عید، مرکزی اجتماع میں ۴۵۰؍حاضری۔ ٭… روکوپر:۲۲؍جماعتوں میں اجتماعات، مرکزی اجتماع میں ۴۹۵؍حاضری۔ ٭…مائل ۹۱؍:نو مقامات، مرکزی اجتماع میں ۷۰۰؍سے زائد افراد۔ ٭…لُنسر:۲۸؍جماعتوں میں نماز عید، مرکزی اجتماعات میں مجموعی حاضری ایک ہزار ۹۹؍۔ ٭…میامبا:۱۴؍جماعتوں میں اجتماعات، سب سے بڑا اجتماع سیمبھے ہوں میں (حاضری ۵۵۰؍افراد)۔ ٭لنگے:۷؍مقامات پر نماز عید۔ ماصولیا میں ۵۰۰؍سے زائد افراد کی شرکت۔ ٭…کونو:۶؍مقامات پر نماز عید، سب سے بڑے اجتماع میں ۲۱۹؍افراد شریک ہوئے۔ خطبہ عید الفطر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز: اگلے روز مورخہ یکم اپریل کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد مبارک، اسلام آباد میں نماز عید پڑھائی اور خطبہ عید ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے علاوہ احمدیہ ریڈیوز کے ذریعہ تین زبانوں میں نشر کیا گیا جسے احمدیوں کے علاوہ دیگر سامعین نے بھی سنا اور دعا میں شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ تمام احباب کے ایمان و ایقان کو مزید تقویت عطا فرمائے، رمضان اور عید کے حقیقی مقاصد کو ہر دل میں جاری و ساری رکھے اور ہمیں خلافت کی کامل اطاعت و محبت کے ساتھ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ تنزانیہ کی سالانہ پکنک ۲۰۲۵ء