https://youtu.be/Vgxv8xndMVY اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماءاللہ وائٹ ہل اینڈ بورڈن، یوکے کو ۴؍مئی ۲۰۲۵ء بروز اتوار ایک تبلیغی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ پروگرام خاص طور پر لجنہ ممبرات کے لیے ترتیب دیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی غیر مسلم دوستوں، ہمسائیوں اور کولیگز کو اسلام کے تعارف اور تبادلہ خیال کے لیے مدعو کر سکیں۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں ناصرات نے ’ارکان اسلام‘ پر مبنی ایک معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی۔ لوکل سیکرٹری تبلیغ مکرمہ کومل ہادی صاحبہ نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد مہمانوں کو مختلف سٹالز پر جانے کی دعوت دی گئی۔ پروگرام میں ۴۵؍غیر مسلم مہمان خواتین نے شرکت کی۔ ان کے لیے مختلف معلوماتی اور تعارفی سٹالز کا اہتمام کیا گیا جن میں قرآن کریم کے مختلف رسم الخط میں نسخے، عربی خطاطی، اسلامی آرٹ، تعارف جماعت احمدیہ، خواتین کا معاشرتی کردار اور حجاب و عبایہ کے تجرباتی سٹال شامل تھے۔ مہمان خواتین نے عبایہ و حجاب پہن کر تصاویر بنوائیں اور عربی میں اپنے نام لکھوانے کا تجربہ بھی حاصل کیا۔ بچوں کے لیے باغ میں کھیلنے، کلرنگ اور مہندی کے سٹالز کا بھی انتظام تھا۔ مہمانوں کے لیے مختلف اشیائے خورونوش پر مشتمل ریفریشمنٹس کا بھی اہتمام تھا۔ پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں کو ایک یادگاری تحفہ اور packed ڈنر پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور آئندہ بھی اسلام احمدیت کے پیغام کو احسن رنگ میں پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین(رپورٹ:ستارہ جمیل۔ سیکرٹری تعلیم حلقہ وائٹ ہل اینڈبورڈن) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ یونان کے چھٹے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد