۳۰؍مئی جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت ہلکی ہوا جاری تھی، جس سے موسم قدرے معتدل بن گیا ،تاہم تیز دھوپ کی وجہ سے دس بجے کے بعد ہی گرمی زوروں پر شروع ہوگئی ، آسمان صاف ہونے سے سورج اپنی کرنوں کے ذریعہ آگ برساتا رہا ۔ تاہم سرِ شام ہی ہلکی ہوا چلنے لگی اور رات گئے اس میں تیزی آگئی ۔ ہفتہ کی صبح نماز فجر کے وقت تیز اور ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی ، جس کی وجہ سے خنکی میں اضافہ ہوگیا ۔ لیکن جوں جوں دن نکلتا چلا آیا اسی کے ساتھ گرمی بھی آ دھمکی ،تاہم تیز ہوا دن بھر چلتی رہی اور موسم کو معتدل بنا دیا، شا م کے وقت ہوا میں تیز ی تو کچھ کم ہوئی لیکن ہوا کی ٹھنڈک میں اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۸؍اور کم سے کم ۲۵؍درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اتوار کو صبح نماز فجر کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ دوپہر کو ہوا تیز ہوگئی اور ٹھنڈک بھی برقرار رہی، موسم سارا دن خوشگوار رہا۔ سوموار کو موسم معتدل اور خشک تھا شام کے وقت ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوگئی اور ساری رات رواں دواں رہی رات کے وقت خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ منگل کو بھی تقریباً ایسا ہی موسم تھا ۔ آجکل دن کے وقت قدرے گرمی ، شام اور رات کے وقت ٹھنڈی ہوا چلنے سے راتیں سرد ہوجاتی ہیں جس سے شہریوں کو رات گزارنے کے لیے بہت اچھا موسم بن جاتا ہے ۔ بدھ کو دن میں سورج نکلا ہوا تھا جس سے قدرے گرمی تھی لیکن سرد ہوا چلنے سے اچھا محسوس ہوتا تھا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۵۔اور کم سے کم ۲۵؍درجہ سینٹی گریڈنوٹ کیا گیا۔جمعرات کے دن بھی خوب گرمی تھی۔ ہلکی گرم ہوا دن بھر چلتی رہی،دن کےآخری حصہ میں ٹھنڈی ہوا رواں دواں رہی ۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۸؍اور کم سے کم ۲۷درجہ سینٹی گریڈنوٹ کیا گیا۔ (ابو سدید)