https://youtu.be/ppOfMxjCXQg فٹبال:یوئیفا چیمپئنز لیگ۲۰۲۵ءکے فائنل میں فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (PSG) نے اطالوی کلب انٹر میلان کو یکطرفہ مقابلے میں پانچ صفرسے شکست دےکر پہلی مرتبہ چیمپئنز لیگ کا ٹائیٹل اپنے نام کرلیا۔میونخ،جرمنی میں کھیلے گئے اس میچ کے بارھویں منٹ میں اشرف حکیمی کے گول سے PSGنے برتری حاصل کی۔جس کےبعدپیرس کی ٹیم پوری طرح کھیل پر چھائی رہی۔فاتح ٹیم کی جانب سے Désiré Doué نےدوشاندارگول کیے۔ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ:جنوبی کوریاکے شہرGumi میں منعقد ہونے والی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پچاس سال بعد پاکستان کے لیے نیزہ پھینکنے(Javelin throw)کےمقابلے میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔ انہوں نے یہ اعزاز ۸۶.۴۰؍میٹردورنیزہ پھینک کرحاصل کیا۔بھارت کے سچن یادیونے چاندی جبکہ جاپان کے Yuta Sakiyama نےکانسی کا تمغہ حاصل کیا۔۲۷تا۳۱؍مئی۲۰۲۵ءکومنعقدہونےوالی۲۶ویں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں دو ہزارسے زائد کھلاڑیوں نے۴۵؍مختلف ایونٹس میں حصہ لیا۔چین نے ۱۹؍طلائی،۹؍چاندی اور۴؍کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔بھارت نے ۸؍جبکہ جاپان نے۵؍گولڈمیڈل حاصل کیے۔ کرکٹ:پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش:تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریزمیں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین صفر سے شکست دے دی۔ لاہورمیں ہونے والےمیچزمیں پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکےتین سال بعد اپنی سرزمین پر ٹی ٹوینٹی سیریزجیتی۔پہلے دو مقابلوں میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئےمقررہ اوورزمیں ۲۰۱؍رنزبنائے جس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم بالترتیب ۱۶۴؍اور ۱۴۴؍رنز بناکرآؤٹ ہوئی۔تیسرے میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو۱۹۷؍رنزکاہدف دیا جوکہ میزبان ٹیم نے محمدحارث کی شاندار سینچری کی بدولت بآسانی حاصل کرلیا۔ انڈین پریمیئرلیگ:رائل چیلنجربنگلورواورپنجاب کنگزکی ٹیمیں آئی پی ایل سیزن ۱۸کےفائنل میں پہنچ گئیں۔ بنگلورو کی ٹیم ۲۰۰۹ء، ۲۰۱۱ء اور۲۰۱۶ء میں آئی پی ایل کا فائنل کھیل چکی ہے جس میں انہیں ناکامی کاسامناکرناپڑا تھا۔دوسری طرف پنجاب کی ٹیم ۲۰۱۴ء کےبعدپہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔یوں آخری معرکہ میں دو ایسی ٹیموں کے مابین ٹکر ہے جوقبل ازیں آئی پی ایل کاٹائیٹل نہیں جیت سکیں۔پلے آف مرحلہ میں بنگلورونے پنجاب کو بآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرایا۔گجرات کی ٹیم ممبئی سے شکست کھاکرٹورنامنٹ سے باہر ہوئی جبکہ دوسرے کوالیفائرمیں پنجاب کنگزنے ممبئی انڈینزکے خلاف شاندارکامیابی حاصل کی۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ: جنوبی افریقہ کے Heinrich Klassen نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔۳۳؍سالہ وکٹ کیپربلےبازنے چار ٹیسٹ، ۶۰؍ایک روزہ اور ۵۸؍ٹی ٹوینٹی میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔اسی طرح آسٹریلیاکے Glenn Maxwellنے ایک روزہ کرکٹ کوخیربادکہہ دیا،تاہم وہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ فارمولا وَن ریسنگ:یکم جون کو ہونے والی اسپینش گراں پریMcLarenکےآسٹریلوی ڈرائیور Oscar Piastri نےجیت لی۔انہوں نے ۴.۶۵۷؍کلومیٹر ٹریک کے ۶۶؍چکروں پرمشتمل فاصلہ ایک گھنٹہ۳۲؍منٹ اور ۵۷؍سیکنڈز میں پورا کیا۔برطانیہ کےLando Norris نے دوسری جبکہ مناکوکےFerrariڈرائیورCharles Leclercنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔رواں سیزن پانچ کامیابیوں اور۱۸۶؍پوائنٹس کے ساتھ Oscar Piastriسرفہرست ہیں۔سیزن کی اگلی ریس کینیڈین گراںپری ۱۵؍جون کومنعقد ہوگی۔ ٹینس:فرنچ اوپن میں تین بار کے سابق چیمپئن سربیا کے نوواک جوکووِچ نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔راؤنڈ آف ۱۶؍میں ۳۸؍سالہ جوکووِچ نے برطانیہ کے کیمرون نوری کو شکست دی جوکہ فرنچ اوپن میں ان کی ۱۰۰ ویں فتح ہے۔یوں سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے سپین کے رافیل نڈال کا فرنچ اوپن میں سب سے زیادہ کامیابیوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔ (ن م طاہر) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)