مکرمہ دیاباتے فانتا صاحبہ ریجنل صدر لجنہ اماء اللہ ریجن بوبوجلاسو، برکینافاسو تحریر کرتی ہیں:الحمدللہ، لجنہ اماءاللہ بوبو جلاسو کا ریجنل اجتماع ’’ایک عورت کے لیے علم حاصل کرنے کی جستجو کی بنیادی ضرورت‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۹؍ و۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء کو نہایت کامیابی کے ساتھ باما (Bama)میں منعقد ہوا۔ اجتماع کا آغاز دوپہر ایک بجے نماز ظہر و عصر کی باجماعت ادا ئیگی کے بعد ہوا۔ افتتاحی اجلاس کی کارروائی تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے شروع ہوئی۔ اس کے بعد خاکسار (صدر لجنہ اماء اللہ ریجن بوبوجلاسو) نے اجتماع کی تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ اس اجلاس میں اجتماع کے مرکزی موضوع پر تقریر اور اس کا مقامی زبان میں ترجمہ پیش کیا گیا۔ تقریر کے فوری بعد علمی اور ورزشی مقابلے کروائے گئے۔ دن کا اختتام نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے ساتھ ہوا۔ دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر سے ہوا جس کے بعد درس ہوا۔ صبح کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس اجلاس میں مکرمہ باپینا باری امو صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ برکینافاسو اپنے تین رکنی وفد کے ہمراہ شریک ہوئیں۔ نیشنل صدر صاحبہ کی آمد کے ساتھ ہی اجتماع کے اختتامی اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد خاکسار نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینافاسو نے اپنی اختتامی تقریر میں تمام شرکاء کو کامیاب اجتماع پر مبارکباد دی اور آئندہ پہلے سے بڑھ کر فعال کردار ادا کرنے کی تحریک کی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع بخیروخوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔ اجتماع میں ۱۹۱؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۶۸؍ناصرات نے شرکت کی، یوں کُل حاضری ۲۵۹؍رہی۔الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ واگادوگو اور تینکودوگو ریجن، برکینافاسو میں ریجنل اجتماعات کا انعقاد