٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا محبت بھرا ایمان افروز پیغام٭… یونان کے مختلف جزائر سے ۳۸؍خواتین و حضرات کی شرکت https://youtu.be/viMo84jSTbU محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو اپنا ایک روزہ چھٹا جلسہ سالانہ مورخہ ۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز اتوار Athens میں موجود جماعت کے نماز سینٹر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک باجماعت نماز تہجد، فجر اور درس القرآن سے دن کا آغاز کیا گیا۔ ساڑھے نو بجے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم عطاءالنصیر صاحب نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ یونان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ صدر اجلاس نے افتتاحی تقریر میں جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی نیز پاکستان میں حالات خراب ہونے کی وجہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بیان فرمودہ دعاؤں کے ورد کرنے کی یاددہانی کروائی۔ پھر آپ نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا موصولہ محبت بھرا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس مکرم چودھری مشتاق احمد صاحب نیشنل نائب صدر یونان کی زیر صدارت دس بج کر ۴۰؍منٹ پر تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ مکرم اسرار احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے ’’سچائی کی اہمیت و برکات‘‘ اور ایک نظم کے بعد مکرم عرفان لطیف صاحب صدر مجلس انصار اللہ یونان نے ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے صحابہؓ کی مالی قربانیاں‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ دونوں تقاریر کا مربی صاحب ساتھ ساتھ مختصر انگریزی خلاصہ بھی پیش کرتے رہے۔ جلسہ سالانہ کا تیسرا اجلاس زیر صدارت مکرم عبدالقدوس صاحب نیشنل نائب صدر پونے بارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا۔ بعدازاں مکرم چودھری مشتاق احمد صاحب نیشنل نائب صدر یونان نے ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ پر تقریر کی۔ اس تقریر کا انگریزی خلاصہ مربی صاحب نے پیش کیا۔ اسی طرح مربی صاحب نے ‘‘The Sonship of Jesus Christ’’کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفے کے بعد چوتھا و آخری اجلاس تین بج کر ۲۰؍منٹ پر نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ یونان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ سے شروع ہوا۔ صدر مجلس نے ’’دعا‘‘ کے موضوع پر اپنی تقریر میں آنحضرتﷺ اورحضرت اقدس مسیح موعودؑ کی قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات بیان کیے نیز قبولیت دعا کے فلسفہ پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ حاضری: ۲۶؍خواتین و حضرات جلسہ میں تشریف لاکر شامل ہوئے جبکہ یونان کے مختلف جزائر سے ۱۲؍احباب نے آن لائن جلسہ دیکھا اور سنا۔ یوں اس جلسے کی کُل حاضری ۳۸؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے جو آپؑ نے شاملین جلسہ کے ليے کیں۔ (رپورٹ:ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے چھٹے جلسہ سالانہ یونان ۲۰۲۵ءکے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم پیارے احباب جماعت احمدیہ یونان، السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ ۲۰؍اپریل۲۰۲۵ء کو اپنے جلسہ سالانہ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور تمام شاملین بےانتہا بر کتیں پائیں۔ یقیناً آپ کا جلسہ سالانہ جو یونان میں منعقد ہو رہا ہے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃوالسلام کے اُس مسیح و مہدی ہونے کا معجزانہ ثبوت ہے جس کی بعثت کی خبر حضرت نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے دی تھی اور جس کی پیشگوئی قرآن کریم نے کی تھی۔ اگرچہ آپ قادیان سے ہزاروں میل کے فاصلے پر موجود ہیں جہاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنا دعویٰ فرمایا تھا [اِس کے باوجود] نیک اور پاک جذبے لیے ہوئے احمدی مسلمان اکٹھے ہوئے ہیں تاکہ اس جلسہ کے دوران آپؑ کی سچائی کی گواہی دیں اور آپؑ کے نام کو عزت، احترام اور محبت سے بلند کریں۔ ہر احمدی کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کی تکمیل کے لیے انتھک محنت کرنے کا عہد کرنا چاہیے جو یہ ہے کہ اول بنی نوع انسان کو ہمارے خالق، واحد خدا کو پہچاننے اور اس کی عبادت کرنے کی طرف بلایا جائے اور دوم یہ کہ بنی نوع انسان کے حقوق کو پورا کیا جائے تاکہ اس دنیا میں امن اور ہم آہنگی قائم ہوسکے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا:‘‘خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہوچکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی اسے دوبارہ قائم کرے۔’’(ملفوظات جلد ۷صفحہ ۲۷۷-۲۷۸) میں آپ کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک ذاتی تعلق قائم کرنے کی تلقین کرتا ہوں اور بہترین احمدی مسلمان بننے کی کوشش کریں۔ اپنی پنجوقتہ نمازوں کو باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کریں، اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور اپنے دلوں میں ہمیشہ ذکر الٰہی کرتے رہیں۔ اس حوالہ سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ‘‘انسان کو چاہیئے کہ روحانی پانی کو تلاش کرے تو وہ اسے ضرور پالے گا۔ اور روحانی روٹی کو ڈھونڈے تو وہ اسے ضرور دی جائے گی۔ جیسا کہ ظاہری قانون قدرت ہے ویسا ہی باطن میں بھی قانون قدرت ہے لیکن تلاش شرط ہے جو تلاش کرے گا وہ ضرور پالےگا۔ خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلق پیدا کرنے میں جو شخص سعی کرے گا خدا تعالیٰ اس سے ضرور راضی ہوجائے گا۔’’ (ملفوظات، انگریزی ترجمہ جلد ۱۰ صفحہ ۱۱۳، ایڈیشن ۲۰۲۲ء)[ملفوظات جلد ۱۰صفحہ ۹۵] بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر خوب غور و فکر کرتے رہنا چاہیے۔ یقیناً یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کی مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ اپنے آپ کو ان شرائط کے مطابق ڈھالیں، خود احتسابی کرتے ہوئے اپنے روزمرہ کے کاموں اور اعمال کا دوبارہ جائزہ لیں گے تب ہی آپ پہلے سے زیادہ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ میں آپ کو یاددہانی کرواتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک قریبی تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ وفادار رہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ خصوصی طور پر آپ میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور میری دیگر تقریبات اور مواقع پر بیان کی گئی باتوں پر بھی عمل کریں۔ میں ہر ایک فردِ جماعت کو تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہر کوشش کرنے کی تلقین کرتا ہوں۔ آپ باقاعدگی سے پروگرام منعقد کریں اور دانشمندانہ منصوبہ بندی کریں اور یونان کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کے پُرامن پیغام کو پھیلانے کے لیےنئے طریق اور ذرائع تلاش کرتے رہیں۔ آخر پر میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ آپ کو اپنے جلسہ کی کارروائی سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی توفیق دے اور یہ کہ آپ کا ایمان مضبوط اورتر وتازہ ہو۔ خدا تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے اور تقویٰ اور اخلاق اور نیک اعمال میں بڑھائے اور خدمت اسلام اور انسانی ہمدردی کی زیادہ سے زیادہ توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسوو کے بارھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد