https://youtu.be/xZ4s4b2DnyU پرنسپ جزیرہ کی خودمختاری کے ۳۰؍ سال مکمل ہونے پر تقریبات میں جماعت احمدیہ کی شرکت اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپریل کے آخر میں جزیرہ پرنسپ کی خودمختاری کے ۳۰؍سال مکمل ہونے پر منعقدہ مختلف تقریبات میں جماعت احمدیہ کے نمائندہ کو شرکت کی توفیق ملی۔ واضح رہے کہ پرنسپ ایک خود مختار جزیرہ ہے جو ملک ساؤتومے و پرنسپ کا حصہ بھی ہے۔ ۲۹؍اپریل ۱۹۹۵ء کو اسے خودمختاری حاصل ہوئی تھی۔ ۲۰۱۸ء میں یہاں جماعت احمدیہ کا پودا لگا تھا۔ خودمختاری کے ۳۰؍ سال مکمل ہونے پر ایک تقریب مورخہ ۲۵؍اپریل کو لوکل گورنمنٹ کے ممبران پارلیمنٹ اور قانون دانوں کی موجودگی میں ایک کھلی بحث کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جزیرہ پرنسپ کی خودمختاری کے امور پر تبادلۂ خیال ہوا۔ اس بحث کے پروگرام کو ۲۸؍اپریل کو صدر مملکت کی موجودگی میں دوبارہ منعقد کیا گیا۔ ۲۹؍اپریل کو منعقدہ مرکزی تقریب میں صدر مملکت، وزیر دفاع، وزیر قانون، پُرتگال اور کیپ ورد کے سفراء اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپ ریجنل حکومت اور مرکزی حکومت کے سربراہان نے تقاریر کیں جس کے بعد شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی تھی۔ اس تقریب میں جماعت احمدیہ کے نمائندہ کو صدر مملکت و دیگر معزز مہمانوں سے ملاقات کا موقع بھی ملا۔ یوم مزدور کی مناسبت سے مارچ یوم مزدور کے موقع پر جماعت احمدیہ کی قومی اور علاقائی سطح پر شرکت اسی طرح یوم مزدور کی مناسبت سے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو یکم مئی کو منعقدہ قومی اور علاقائی تقریبات میں شرکت کی سعادت نصیب ہوئی۔ قومی سطح پر ساؤتومے کے دارالحکومت میں وزارت سوشل افیئرز و لیبر کے زیر اہتمام ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں جماعت احمدیہ کے نمائندہ کے طور پر خاکسار (نبیل احمد رفیق۔ مبلغ سلسلہ) نے شرکت کی۔ اس تقریب میں وزیراعظم، وزیر سوشل افیئرز، وزیر تعلیم، وزیر خارجہ، اقوام متحدہ کے نمائندہ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ وزیر اعظم اور وزیر سوشل افیئرز نے تقاریر کیں اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کارکنان کو اسناد سے نوازا۔ جماعتی نمائندہ کو وزیراعظم، دیگر وزرا ءاور کیتھولک بشپ سے ملاقات کا موقع بھی ملا جہاں انہوں نے پوپ کی وفات پر تعزیت بھی کی۔ علاقائی سطح پر اسی دن ضلع میزوش کے مرکزی شہر ترینداد میں ایک پُرامن مارچ منعقد ہوا جس کا موضوع ’’مزدور کے کام کی تعظیم اور سماجی انصاف‘‘ تھا۔ جماعت احمدیہ میزوش کی پانچ جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ۳۳؍افراد نے اس مارچ میں شرکت کی۔ جماعت نے اسلامی تعلیمات پر مبنی بینرز تیار کیے جن پر قرآن کریم کی آیات اور احادیث درج تھیں۔ ان بینرز میں سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا پیغام آنحضرتﷺ کی یہ بابرکت حدیث تھی کہ ’’مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرو‘‘۔ ہیومینٹی فرسٹ کی ۳۰؍سالہ خدمات کے موقع پر مارچ یہ پیغام عوام میں بہت مقبول ہوا حتیٰ کہ میئر صاحب نے اس کے ساتھ تصویر بھی بنوائی اور اسے قوم کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ مارچ کے بعد مختلف مذاہب کے نمائندگان نے تقاریر کیں۔ مکرم محمد اعزار الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ ترینداد نے ’’ایک منصفانہ اور باوقار معاشرے کی تشکیل میں کام کی قدر‘‘ کے موضوع پر اسلامی تعلیمات بیان کیں۔ اس موقع پر نیشنل ریڈیو کی جانب سے مبلغ سلسلہ کا ایک مختصر انٹرویو بھی ریکارڈ کیا گیا جس میں اسلامی تعلیمات کے حوالے سے امن، باہمی حقوق کی ادائیگی اورمزدوروں کے حقوق کو معاشرتی امن کی ضمانت قرار دیا گیا۔ یہ پیغام نیشنل میڈیا کے ذریعہ وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچا۔ پروگرام کے آخر میں ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔ ہیومینٹی فرسٹ کی ۳۰؍سالہ خدمات کے موقع پرمارچ اور خدمت خلق کا پروگرام مورخہ ۱۰؍مئی کو جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کو ہیومینٹی فرسٹ کی تیس سالہ خدمات کے موقع پر ایک خصوصی مارچ اور خدمت خلق کا پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ پروگرام دارالحکومت کے علاقہ ساؤں گیمبو میں واقع احمدیہ مسجد کے احاطہ سے صبح نو بجے شروع ہوا جہاں مختلف جماعتوں سے آنے والے ۴۳؍خدام جمع ہوئے۔ مارچ سے قبل خاکسار (مبلغ انچارج و نیشنل صدر ساؤتومے و پرنسپ) نے شرکاء کو راستہ کے آداب اور خدمت انسانیت کے مشن سے متعلق ہدایات دیں۔ دس بجے مسجد سے مارچ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تمام خدام نے ہیومینٹی فرسٹ کی شرٹس زیب تن کی ہوئی تھیں اور بینرز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر ہیومینٹی فرسٹ کے تحت کی جانے والی خدمات درج تھیں۔ مارچ کے اختتام پر شرکاء دارالرحمت (بزرگوں کی نگہداشت کا مرکز) پہنچے جہاں بزرگان نے ان کا استقبال کیا۔ خدام نے بزرگوں کے ساتھ مل کر دوپہر کا کھانا کھایا اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ یہ اقدام بزرگوں کے لیے مسرت اور محبت کا پیغام تھا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اور ہیومینٹی فرسٹ کی اس کاوش کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ اور ہیومینٹی فرسٹ کی ان کاوشوں میں برکت ڈالے اور ہمیں مزید خدمت انسانیت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین شاملین کو اپنے فضلوں سے نوازے اور ہمیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشاد پر مشتمل مصرعہ ’’مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمت خلق است‘‘ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (مرسلہ: نبیل احمد رفیق ،مبلغ سلسلہ آگوا گرانڈی ریجن، ساؤتومے و پرنسپ) (رپورٹ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: کینیا بھر میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود کا با برکت انعقاد