اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بیلیز کے گذشتہ کچھ عرصہ سے سنٹرل جیل کے قیدیوں سے تبلیغی روابط قائم ہیں۔ ابتدا میں یہ رابطہ کھیلوں یعنی احمدیہ باسکٹ بال لیگ کے ذریعے ہوا۔ بعد میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کے ریڈیو پروگرام ’Voice of Islam‘ کی صورت میں یہ رابطہ وسعت اختیار کر گیا۔ یہ پروگرام بیلیز سنٹرل جیل میں ہر پیر اور بدھ کو ایک گھنٹے کے لیے نشر ہوتا ہے اور ایک ہزار سے زائد قیدیوں تک اسلام کا پیغام پہنچاتا ہے۔ مسلمان قیدیوں کی عربی سیکھنے کی خواہش پر مئی ۲۰۲۴ء میں عربی کلاسز کا اجرا ہوا جن میں مکرم عطاءالحق صاحب مقامی مبلغ سلسلہ اور مکرم رونی شو صاحب خدمت بجا لا رہے ہیں۔ یہ کلاسز ہر بدھ کو ایک گھنٹے کے لیے منعقد کی جاتی ہیں۔ حال ہی میں ان کلاسز میں شامل ۷؍طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً ۳۰۰؍قیدیوں نے شرکت کی جبکہ جلسہ سالانہ بیلیز ۲۰۲۵ء کے موقع پر کینیڈا سے آنے والے ۴۰؍سے زائد مہمانان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے قیدیوں کے سامنے اسلام کا مختصر تعارف پیش کیا۔ سرکاری شعبہ Reformationکی سربراہ محترمہ اسٹیڈمین نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کی کاوشوں کو سراہا اور خصوصی طور پر قیدیوں کی اصلاح اور بحالی میں جماعت کے کردار کا اعتراف کیا۔ اس کے علاوہ جماعت احمدیہ اپنے ‘Ahmadiyya Water for Life’ منصوبے کے تحت جیل میں صاف پانی کی باقاعدہ فراہمی کی بھی توفیق پارہی ہے۔ اللہ تعالیٰ جماعت کی ان مساعی کو شرفِ قبولیت بخشے اور مزید ترقیات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: ارسلان وڑائچ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سیرالیون کے ساٹھویں ڈائمنڈ جوبلی جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد