https://youtu.be/JLqKblunSrU اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لولیو، سویڈن کو مارچ ۲۰۲۵ء میں دو سرمائی بازاروں میں پہلی مرتبہ شرکت کی توفیق ملی۔ الحمدللہ ییلیوارے سرمائی بازار، جو آرکٹک سرکل (دائرہ قطب شمالی) سے تقریباً ۱۰۰؍کلومیٹر شمال میں واقع سویڈن کا ایک تاریخی اور معروف بازار ہے، یہ امسال مورخہ ۱۴تا۱۶؍مارچ کو منعقد ہوا۔ جماعت احمدیہ لولیو نے پہلی مرتبہ ‘’Ask a Muslim’’مہم کے تحت یہاں سٹال لگایا۔ اس سٹال پر زائرین نے اسلامی تعلیمات کے بارے میں متعدد سوالات کیے۔ ‘‘Muslims for Peace’’ کے پمفلٹس تقسیم کیے گئے جبکہ متعدد افراد نے اعتراف کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایسی کاوشیں نہایت اہم ہیں۔ خاکسار نے سٹال کی موجودگی کی اطلاع مقامی فیس بُک گروپس میں بھی دی جس پر مثبت ردعمل ملا۔ ایک مقامی یوٹیوبر نے سٹال کی انفرادیت دیکھ کر تقریباً سات منٹ کا انٹرویو کیا جو یوٹیوب پر اب تک ۷۰۰؍سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک لولیو سرمائی بازار:ییلیوارے سے واپسی کے بعد جماعت احمدیہ لولیو نے ۱۷تا ۱۹؍مارچ کو لولیو کے سالانہ روایتی سرمائی بازار میں بھی ‘‘Ask a Muslim’’ مہم کے تحت سٹال لگایا۔ اس موقع پر علاقائی مصنوعات اور کھانوں کے سٹالز کے ساتھ جماعت کا سٹال زائرین کی توجہ کا مرکز بنا۔ ان تین دنوں میں تقریباً ۱۵۰؍افراد سے تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ متعدد افراد نے چلتے پھرتے ہماری کاوشوں کو سراہا۔ ‘‘Muslims for Peace’’کے پمفلٹس، سویڈش ترجمہ قرآنِ کریم اور دیگر جماعتی کتب نمایاں طور پر پیش کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری تبلیغی کاوشوں کو قبول فرمائے اور ان کے بہترین نتائج پیدا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ رشیا کے جلسہ ہائے یوم مصلح موعود و یوم مسیح موعود