مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے تحت تعلیمی و تربیتی کلاسز کا انعقاد اللہ تعالیٰ کے بے حد فضل و کرم سے دسمبر۲۰۲۴ء تا جنوری ۲۰۲۵ء مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے زیر انتظام ملک بھر میں مقامی اور ضلعی سطح پر تعلیمی و تربیتی کلاسز کا انعقادکیا گیا۔ تعلیمی و تربیتی کلاس مقامی حالات کے پیش نظر بعض جگہوں پر سارا دن جبکہ بعض جگہوں پر دن کے ایک حصے میں کلاسوں کا انعقاد ہوا۔ بعض مقامات پر مسجد میں رات کے قیام کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ کلاسز میں سادہ نماز، نماز مع ترجمہ، تلاوت قرآن کریم، نظم، امام الصلوٰۃ ٹریننگ، تبلیغی مسائل، تقریر اور دینی معلومات شامل تھیں۔ اس کے علاوہ مختلف کھیلوں اور بعض مقامات پر سیر و تفریح کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ضلعی سطح پر ۱۲؍جگہوں پر کلاسز منعقد ہوئیں جن میں ۷۴؍مجالس نے شرکت کی جبکہ ۲۰؍مجالس میں مقامی سطح پر کلاسز ہوئیں۔ یوں ملک بھر کی ۱۱۳؍مجالس میں سے ۹۲؍مجالس ان کلاسز میں شامل ہوئیں۔ حاضری کے اعداد و شمار درج ذیل ہیں: خدام: ۶۴۰، اطفال: ۹۱۷ اور ۳۰۵؍منتظمین و معاونین۔ کُل حاضری ایک ہزار ۸۶۲؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک جلسہ ہائے یوم مسیح موعود کا انعقاد مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ بنگلہ دیش میں جوش و خروش سے یوم مسیح موعود منایا گیا۔ مقررین نے حضرت مسیح موعودؑ کی عبادت الٰہی اور عشق قرآن جیسے موضوعات پر تقاریر کیں۔ جلسوں کے اختتام پر دعا کے بعد افطاری کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اس روز تقریباً ۴۰؍جماعتوں میں یہ جلسے منعقد ہوئے۔ بعدازاں بعض دیگر جماعتوں اور ذیلی تنظیموں کے تحت بھی جلسے منعقد کیے گئے۔ جلسہ یوم مسیح موعود ’یوم القرآن‘ کی تقریبات سال ۲۰۲۴ء کی نیشنل مجلس شوریٰ بنگلہ دیش میں یہ تجویز منظور کی گئی تھی کہ ہر احمدی کو ناظرہ قرآن مجید سکھایا جائے اور جو افراد پہلے سے قرآن پڑھ سکتے ہیں وہ سال میں ایک مرتبہ ترجمہ کے ساتھ مکمل تلاوت کریں۔ یوم القرآن حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے رمضان المبارک میں اس مقصد کے لیے احباب کو خصوصی سرکلر کے ذریعہ ترغیب دلائی گئی۔ جن افراد نے رمضان میں قرآن پاک کی تلاوت مکمل کی اُن کی حوصلہ افزائی کے لیے ’یوم القرآن‘ کے نام سے خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ یہ منفرد پروگرام احباب جماعت کو بے حد پسند آیا۔ لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کا آن لائن داعیان الیٰ اللہ سیمینار مورخہ ۱۰؍اپریل بروز جمعرات لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کے شعبہ تبلیغ کے تحت ایک آن لائن داعیان الیٰ اللہ سیمینار بموضوع ’’خاتم النبیینﷺ‘‘ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور دعا کے بعد مکرمہ تانیہ رخسانہ صاحبہ نے سلیس اور عمدہ انداز میں اس موضوع پر تقریر کی جسے ممبرات نے بے حد پسند کیا۔ اس سمینار میں ملک بھر سے ۳۰۸؍لجنہ ممبرات نے شرکت کی۔ الحمدللہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی مساعی کو قبول فرماتے ہوئے اسے مزید خدمات دینیہ کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: اجتماع واقفین نو انڈونیشیا ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد