٭… سعودی عرب میں عیدالاضحی کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ عیدالاضحی کے موقع پر ۴ دن کی تعطیلات ہوں گی۔ تعطیلات عرفات کے دن جمعرات ۵ جون سے اتوار ۸ جون تک ہوں گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں عیدالاضحی ۶ جون جمعہ کو ہوگی۔ برطانیہ میں عید الاضحی جمعہ ۶ جون کو منائی جائے گی۔ پاکستان میں عیدالاضحی ۷؍جون ہفتے کو ہوگی۔ ٭… ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے جرم میں ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مجرم اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کو ایرانی انفرااسٹرکچر سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کرنے میں ملوث تھا۔ جرم ثابت ہونے پر اس شخص کو پھانسی دے دی گئی۔ مجرم نے خفیہ معلومات کے بدلے کرپٹو اور غیرملکی کرنسی وصول کی تھی۔ ناروے کی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق رواں برس ایران میں ۴۷۸ افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔ ٭… ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو چہار دہم نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کے والدین اپنے معصوم بچوں کی لاشیں سینے سے لگائے بیٹھے ہیں۔ فلسطینیوں کی دل دہلا دینے والی چیخیں آسمان تک پہنچ رہی ہیں۔ پوپ لیو چہار دہم نے اپیل کی ہے کہ غزہ میں لڑائی فوری بند کی جائے اور انسانی قوانین کا احترام کیا جائے۔ ٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کو ایران پر کسی ممکنہ حملے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تہران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کے دوران اسرائیلی حملہ مناسب نہیں ہو گا۔ ہماری ایران کے ساتھ کافی اچھی بات چیت جاری ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم غزہ کی تمام صورتِ حال سے نمٹ رہے ہیں۔ ہماری انتظامیہ غزہ میں خوراک کی ترسیل میں تیزی لانے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں غذائی امداد فراہم کر رہے ہیں، یہ ایک بہت ہی ناگوار صورتِ حال ہے۔ ٭… متحدہ عرب امارات نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیر کا مسجدِ اقصیٰ کا دورہ اور اشتعال انگیز طرزِ عمل اپنانے پر اسرائیلی سفیر کو طلب کر لیا۔ سالانہ فلیگ مارچ کے موقع پر اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیرِ قومی سلامتی بین گوئیر نے مسجدِ اقصیٰ کے احاطے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر یہودی انتہا پسندوں کی جانب سے ریلی کے دوران اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے، یہودی انتہا پسندوں نے صحافیوں اور فلسطینیوں کو ہراساں بھی کیا۔ یو اے ای نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں وزیروں اور مشیروں سمیت تمام ملوث افراد کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٭… فرانسیسی فوج نے پاک بھارت لڑائی میں جدید لڑاکا طیارے رافیل کی تباہی سے متعلق خبروں پر پہلی بار ردعمل دیا ہے۔ فرانسیسی فوج کے ترجمان نے پیرس میں پریس بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال پر جواب دیا کہ رافیل کی کارکردگی کے حوالے سے فرانس صورتِ حال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ اپنے شراکت دار بھارت سے براہِ راست معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے، فرانس اس لڑائی کے تجربے سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کا خواہاں ہے۔ اگر رافیل کے مار گرائے جانے کی رپورٹس درست ہیں تو یہ اس جہاز کی ۲ دہائیوں کی آپریشنل سروس کا پہلا واقعہ ہے۔ ٭… ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگلے ۵ سالوں میں عالمی درجہ حرارت ۱ اعشاریہ ۵ ڈگری بڑھ جانے سے گلیشیئرز پگھلنے کی وجہ سے سمندر کی سطح مزید بلند ہوجائے گی۔ موسمیاتی ماہرین نے اس خیال کا اظہار کیا ہے کہ اس بات کا ۸۰؍ فیصد امکان ہے کہ اگلے ۵ سالوں میں ایک سال گرم ترین سال ضرور ہوگا، انسانی تاریخ میں پہلی بار اوسطاً ۲ ڈگری کا اضافہ متوقع ہے۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کو بیرٹ نے کہا ہے کہ ہم نے ریکارڈ میں گرم ترین سالوں کا تجزیہ کیا ہے، اور ہمیں ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی آنے والی رپورٹ میں بہتری کی کوئی علامت نظر نہیں آرہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری معیشت اور روز مرہ کے معمولات ہماری زمین پر برے اثرات ڈال رہے ہیں۔ ٭… سعودی عرب نے گرفتار کیے گئے ایرانی عالم غلام رضا قاسمیان کو رہا کر دیا۔ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود غلام رضا رہائی پا کر ایران روانہ ہو چکے ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں ایرانی عالم غلام رضا قاسمیان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ایرانی عالم کو سعودی حکومت کے خلاف تنقیدی پوسٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ایرانی عدلیہ نے عالم کی گرفتاری کی مذمت کی جبکہ رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی عالم کی گرفتاری غیر منصفانہ اور غیر قانونی ہے۔ ٭… بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے راہنما اظہرالاسلام کی سزائے موت کالعدم قرار دے دی۔ عدالت نے اظہر الاسلام کی رہائی کا حکم بھی دے دیا۔ عدالت نے سزائے موت کے قیدی اظہر الاسلام کو انسانیت کے خلاف جرم سے بری کیا۔ اظہر الاسلام ۲۰۱۲ء سے قید میں تھے۔ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن