https://youtu.be/HNIcXu_M_WM قادیان دار الامان کی زیارت کے ليے سال بھر ہی افراد جماعت انفرادی طور پر اور مختلف وفود کی شکل میں پوری دنیا سے تشریف لاتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک وفد سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے جماعت احمد یہ جرمنی سے بھی تشریف لایا۔ ۶۰؍خدام و اطفال پر مشتمل یہ قافلہ مورخہ ۱۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو قادیان پہنچا۔ قادیان میں سرائے وسیم میں ان کے قیام کا انتظام کیا گیا۔ اس سفر کا یہ مقصد تھا کہ خدام و اطفال حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی مقدس بستی قادیان دارالامان کی زیارت کریں، حضور علیہ السلام کے مزار مبارک پر دعا کریں، قادیان کے تاریخی مقامات کا تعارف حاصل کریں اور یہاں کے مقامات مقدسہ میں عبادات بجالاتے اور دعائیں کرتے ہوئے ایمان و اخلاص میں ترقی حاصل کریں۔ خدام واطفال نے اپنے قیام کے دوران قادیان کے مقدس مقامات سے بھر پور رنگ میں استفادہ کیا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی جائے ولادت، مسجد مبارک، بہشتی مقبرہ اور دیگر تاریخی وروحانی مقامات کی زیارت کی۔ نمائش مخزن تصاویر، القرآن نمائش، اسلام امن عالم نمائش، النور نمائش وغیرہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد کے اراکین کو مختلف مقدس مقامات میں نوافل ادا کرنے اور اجتماعی دعائیں کرنے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔ دورہ قادیان کے موقع پر اس وفد کو مکان چلہ کشی ہوشیارپور اور دارالبیعت لدھیانہ کی زیارت کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔ قادیان کے مختلف علماء کے ساتھ اس وفد کی تربیتی اور علمی نشستیں مختلف موضوعات پر منعقد ہوتی رہیں۔ ان نشستوں سے بھی خدام واطفال نے بھر پور رنگ میں استفادہ کیا۔ آخری روز ’’خلافت خامسہ میں حضرت مسیح موعودؑ کے الہام وَسِّعْ مَكَانَكَ کا ظہور‘‘ کے زیر عنوان ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جو تمام شاملین کے ليے ازدیادِ علم اور ایمان کا باعث بنی۔ جماعت احمد یہ جرمنی کے خدام واطفال کا قادیان دارالامان میں قیام انتہائی بابرکت اور روحانیت سے پُر تھا۔ یہ زیارت ان خدام و اطفال کے ليے ایک نہایت یادگار اور روح پرور تجربہ ثابت ہوئی جو ان کی دینی ترقی اور خلافت سے تعلق میں مضبوطی کا باعث بنے گی۔ ان شاء اللہ (رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت) مزید پڑھیں: https://www.alfazl.com/2025/05/29/123744/