https://youtu.be/85XPeuYqli8 محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۹، ۲۰؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار دوسرا نیشنل اجتماع واقفین نو و واقفات نو بموضوع ’’ڈیجیٹل دور میں وقف نو کی تعلیم و تربیت‘‘ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اجتماع کی کل حاضری ۱۲۳ افراد پر مشتمل تھی۔ یہ اجتماع بمقام مہدی آباد، آبید جان منعقد کیا گیا۔ اجتماع کے دن کا آغاز جماعتی روایات کے مطابق باجماعت نماز تہجد و فجر کے ساتھ ہوا۔ ناشتہ کے بعد صبح دس بجے اجتماع کے افتتاحی پروگرام کا آغاز مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد مکرم سعیدوگو یونس صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے حسب پروگرام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ اس پروگرام کی پہلی تقریر مکرم صادق احمد لطیف صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر کی اور خلفائے کرام کے ارشادات پیش کیے۔ مکرم یحییٰ وترا صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ نے بھی مختصر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں واقفینِ نو کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا۔ معاً بعد واقفین نو نیز واقفات نو کے علمی و ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ ان مقابلہ جا ت کا سلسلہ نماز مغرب تک جاری رہا۔ نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد مکرم کونے کریم صاحب معلم سلسلہ نے ’’اولاد کو وقف کرنے کی اہمیت‘‘ کے موضوع سے درس دیا اور یوں پہلے دن کا اختتام ہوا۔ اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی حسب روایت باجماعت نماز تہجد، نماز فجر و درس سے ہوا۔ دس بجے صبح اختتامی تقریب کا انعقاد زیر صدارت مکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر آئیوری کوسٹ ہوا۔ تلاوت قرآن پاک و نظم کے بعد واقفین نو کے والدین کے ساتھ ایک نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں چند نصائح کے بعد والدین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے گئے۔ جس کے بعد مکرم جابی مصطفیٰ (Djiabi Moustapha) صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ، مکرم کیما عمر(Kiema Oumar) صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری، مکرم کونے گیتے ناپیا صاحب نمائندہ IAAAEآئیوری کوسٹ نے تقاریر کیں اور اپنے شعبہ جات کے متعلق تعارف کروایا۔ جس کے بعد نیشنل سیکرٹری وقف نو نے شاملین کا شکریہ ادا کیا اور بعد ازاں اس اجتماع کی اختتامی تقریر مکرم نائب امیر صاحب نے کی اور دعا کروائی۔ جس کے ساتھ اس اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ چونکہ اسی دوران نیشنل اجتماع انصاراللہ کا بھی انعقاد جاری تھا۔چنانچہ تقریب تقسیم انعامات کا پروگرام اجتماع انصاراللہ کی تقریب تقسیم انعامات کے ساتھ رکھا گیا۔ جس میں مکرم طورے عبدالسلام صاحب مبلغ سلسلہ نے رپورٹ پیش کی اور پھر باری باری مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے پوزیشنز حاصل کرنے والے واقفین نو کو انعامات دیے جبکہ واقفات نَو کو انعامات مستورات گاہ میں دیے گئے۔ امسال اجتماع میں ۲۵ واقفین نو اور ۱۶ واقفات نَو نے نے شرکت کی۔ جبکہ واقفین نو کے والدین اور دیگر افراد بھی اس میں شریک ہوئے جن کی تعداد ۸۲ بنتی ہے۔ یوں اجتماع کی کل تعداد ۱۲۳ افراد پر مشتمل تھی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام واقفین نو اور واقفات نو کو اپنے عہدوں کو نبھاتے ہوئے خلافت کے سلطان نصیر بننے والے بنائے اور ان کے علم و عرفان میں اضافہ کرتا جائے۔ آمین (رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کی سٹی میئر ہیلسنکی سے ملاقات