شمیم احمد یحییٰ صاحب مربی سلسلہ و استاد شاہ تاج احمدیہ سکول منروویا، لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ پوپ فرانسس کی وفات کے موقع پرسیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا گیا۔ چنانچہ اس پیغام کومسیحی بھائیوں تک پہنچانے اور اظہار افسوس کے ليے شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول سے ایک وفد کو مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ ماؤنٹسیراڈو کاؤنٹی کی قیادت میں مورخہ۲۴؍اپریل ۲۰۲۵ء کو St. Mary Catholic Church متصلہ سکول ہٰذا کا دورہ کرنے کا موقع ملا جہاں چرچ کے پادری جناب Fr. Francis Koffi سے ملاقات ہوئی۔ افسوس کے رسمی کلمات کے بعد پوپ فرانسس کی وفات پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تعزیتی پیغام پیش کیا گیا۔ (اس پیغام کو پڑھنے کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل مورخہ ۲۵؍اپریل ۲۰۲۵ء) پیغام کے علاوہ پادری صاحب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیام امن کے ليے کی جانے والی خصوصی کاوشوں پر بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ نیز چند دیگر کتب تحفۃً پیش کی گئیں۔ پادری صاحب نے پیغام اور کتب قبول کرتے ہوئے شکریہ کا اظہار کیا اور باہمی محبت اور ملنساری پر زور دیتے ہوئے چند کلمات پیش کیے۔ اس وفد میں پرنسپل منصور احمد ناصر صاحب کے ساتھ چار دیگر سٹاف ممبران بھی شامل تھے۔ (رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ رشیا کے جلسہ ہائے یوم مصلح موعود و یوم مسیح موعود