کرکٹ:پاکستان سپرلیگ ۲۰۲۵ءلاہورقلندرزنے جیت لی۔ پی ایس ایل سیزن ۱۰؍ کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہورقلندرز کے مابین ۲۵؍ مئی کوقذافی اسٹیڈیم میں کھیلاگیا، جس میں کانٹے دارمقابلے کےبعدلاہورنے چھ وکٹوں سےکامیابی حاصل کی اور تیسری بارٹائیٹل اپنے نام کرلیا۔ کوئٹہ نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئےمقررہ ۲۰؍ اوورزمیں ۲۰۱ رنزبنائے۔ نوجوان بلےبازحسن نواز نے۴۳گیندوں پر۷۶رنزکی شاندارباری کھیلی جبکہ فہیم اشرف نے صرف۸گیندیں کھیل کر۲۸قیمتی رنز بنائے۔ لاہورکی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنر محمدنعیم نےدھواں دارآغازفراہم کیا، انہوں نےچھ چھکوں کی مدد سے ۴۶؍ رنزبنائے، عبداللہ شفیق نے ۴۱؍ جبکہ کوشال پریرانے ناقابل ِشکست ۶۲؍ رنزبنائے۔ ایک موقع پرلاہورکوجیت کے لیے ۲۰؍ گیندوں پر۵۷رنزتھے جب زمبابوے سے تعلق رکھنے والے سکندررضا بٹ بیٹنگ کرنے آئے، انہوں نے صرف ۷؍گیندوں پر۲۲رنزبناکراپنی ٹیم کو غیرمعمولی فتح سے ہمکنارکردیا۔ یادرہے کہ ۲۴؍ گھنٹے قبل سکندررضا اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئےانگلینڈکے خلاف ناٹنگھم میں ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے۔ تیسرے روزٹیسٹ ختم ہونےکے بعدحیرت انگیزطورپرسکندررضاپی ایس ایل کے فائنل کے آغازسے چندلمحات قبل میدان میں پہنچے اوراپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کرداراداکیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے پہلے چھ ٹورنامنٹس میں لاہورقلندرزایک باربھی چیمپئن نہ بن سکی تھی جبکہ گذشتہ چارسالوں میں یہ ان کا تیسراٹائیٹل ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کوئٹہ کے حسن نوازقرارپائے جنہوں نے مجموعی طورپر۳۹۹رنزبنائے۔ شاہین آفریدی ۱۹؍ وکٹیں حاصل کرکے بہترین گیندبازجبکہ ۴۴۹ رنزکےساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان بہترین بلےبازکاایوارڈحاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انڈین پریمیئرلیگ: بھارت میں جاری آئی پی ایل سیزن ۱۸؍ میں گجرات، بنگلورو، پنجاب اورممبئی کی ٹیموں نےپلے آف مرحلے میں جگہ بنالی۔ گذشتہ ہفتہ ہونے والے ایک اہم میچ میں ممبئی نے دہلی کو۵۹رنزسے ہراکرٹورنامنٹ سے باہرکردیا۔ دیگرمیچز میں گجرات کی ٹیم کو لکھنؤ اورچینئی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑاجبکہ حیدرآباد نے بنگلوروکو ۴۲؍ رنزسے مات دی۔ پنجاب کنگز نے ممبئی انڈینزکوسات وکٹوں سے پچھاڑ کرپوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ آئی پی ایل کے پلے آف مقابلے ۲۹؍۔ ۳۰؍ مئی اور یکم جون کو ہوں گے جبکہ فائنل ۳ جون کو احمدآبادمیں کھیلاجائے گا۔ فٹ بال: اسپینش لالیگا۲۰۲۵ءکاٹائیٹل بارسلونا نے اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے اپنے آخری لیگ میچ میں Athleticکلب کے خلاف ۳۔ صفر سے کامیابی کےساتھ ۲۸وِیں مرتبہ لالیگا کا چیمپئن بننے کا اعزازحاصل کیا۔ بارسلونا کی طرف سے Robert Lewandowskiنے دوگول اسکورکیے۔ دوسری طرف فرانس کے مشہورکھلاڑی Kylian Mbappe نے یوروپین گولڈن شوزکاایوارڈجیت لیا۔ ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے رواں سیزن یوروپین فٹ بال میں سب سے زیادہ ۳۱؍ گول داغے۔ Mbappeیہ اعزازحاصل کرنے والے ریال میڈرڈکے تیسرے کھلاڑی بنے جبکہ وہ ۲۰۰۵ء کے بعد پہلے فرانسیسی کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ ایوارڈاپنے نام کیا۔ فارمولا وَن ریسنگ: ۲۵؍ مئی کو ہونے والی مناکو گراںپری McLarenگاڑی چلانے والےبرطانیہ کےLando Norris نے جیت لی۔ انہوں نے ۳ . ۳۳۷ کلومیٹر ٹریک کے ۷۸؍ چکروں پرمشتمل فاصلہ ایک گھنٹہ۴۰ منٹ اور۳۳ سیکنڈز میں پورا کیا۔ مناکوسے تعلق رکھنے والے FerrariڈرائیورCharles Leclercنے دوسری جبکہMcLarenکے آسٹریلوی ڈرائیور Oscar Piastri نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سیزن کی اگلی ریس اسپینش گراں پری یکم جون کومنعقد ہوگی۔ ٹینس: سربیا کے نوواک جوکووچ نے جنیوا اوپن فائنل میں ہوبرٹ ہرکاز کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا ۱۰۰ واں سنگلز ٹائیٹل جیت لیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ اوپن ایرا میں ۱۰۰ ٹائیٹل جیتنے والے صرف تیسرے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں، جن میں جمی کونرز (۱۰۹) اور راجر فیڈرر (۱۰۳) شامل ہیں۔ جوکووچ نے اپنا پہلا ٹائیٹل جولائی۲۰۰۶ء میں ایمرسفورٹ میں جیتا تھا، اور وہ اوپن ایرا میں ۲۰؍ مختلف سیزنز میں ٹائیٹل جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جوکووچ کا گذشتہ نو ماہ میں یہ پہلا ٹائیٹل ہے، اس سے قبل وہ شنگھائی اور میامی کے فائنلز میں شکست کھا چکے تھے۔ اب وہ پیرس روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ رولینڈ گیروس(فرنچ اوپن)میں اپنا چوتھا اور مجموعی طور پر۲۵واں گرینڈ سلیم ٹائیٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔ (ن م طاہر) مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)