نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں درخواست دعا رانا سلطان احمد خان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ ہمارے محلہ کے ایک ناصر، سردار حسین فرخ صاحب فوٹوگرافر اور ان کا بیٹا عزیزم غلام احمد صاحب دونوں ایک موٹر سائیکل روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی ہوگئے ہیں۔ دونوں کے سر، گھٹنوں اور کمر میں زیادہ چوٹیں آئی ہیں۔ جبکہ سردار حسین فرخ صاحب کی چھاتی میں داہنی طرف گہری دب آئی ہے۔ کافی تکلیف محسوس کرتے ہیں۔ فوری طور پر ہسپتال لے گئے۔ ان کو مرہم پٹی اور ٹانکے لگانے کے بعد گھر بھجوا دیا گیا۔ اب کچھ بہتری محسوس کرتے ہیں۔ احباب جماعت سے اِن دونوں کی صحت وسلامتی، تندرستی اور لمبی فعال زندگی کے لیے دعاوٴں کی خصوصی درخواست ہے۔ سانحہ ہائے ارتحال نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش نے اطلاع دی ہے کہ ٭… بشیرالدین محمود صاحب ابن مرحوم صدیق احمد صاحب آف فاضل پور جماعت، ضلع فینی، حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث مورخہ ۴؍مئی بروز اتوار وفات پاگئے۔ انالله وانا اليه راجعون مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ لمبے عرصے تک فاضل پور جماعت کے صدر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی اور جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مسجد و قبرستان کی تیاری میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ نہایت ہنس مکھ، ملنسار اور مقامی افراد میں معزز شخصیت کے مالک تھے۔ بروقت مالی قربانی پیش کرتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ اسی روز بعد نماز عصر مسجد بیت الباسط، چٹاگونگ میں ان کے بھائی ذکرالٰہی صاحب معلم وقف جدید نے نماز جنازہ پڑھائی اور مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ ٭…حمیدہ عظمت شکور صاحبہ آف میرپور جماعت دماغ کے کینسر کی طویل علالت کے بعد ۸؍مئی بروز جمعرات وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون مرحومہ مولوی محمد عمر علی صاحب درویش قادیان اور عصمت بانو صاحبہ کی بیٹی تھیں۔ آپ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، قرآن کریم کو با ترجمہ اور خوش الحانی سے پڑھنے والی خاتون تھیں۔ میرپور مسجد میں اردو کلاس لیتی تھیں اور مختلف جماعتی پروگراموں میں بہت فعال تھیں۔ غرباء کی مدد اور صدقات میں پیش پیش رہتی تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ ۹؍مئی کو ان کا جنازہ جماعت کے ہیڈکوارٹر بخشی بازار میں مکرم عبد الاوّل خان چودھری صاحب نیشنل امیر بنگلہ دیش نے پڑھایا جبکہ بعد نماز عصر میرپور مسجد میں مکرم مستفیض الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ نے بھی تدفین سے پہلے جنازہ پڑھایا۔ تدفین میرپور کے ایک سرکاری قبرستان میں عمل میں آئی۔ اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت و رحم کا سلوک فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کے نیک نمونوں پر چلنے کی توفیق دے۔ آمین نمایاں کامیابیاں ٭… چودھری نعیم احمد باجوہ صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینا فاسو کے ایک مخلص اور فعال رکن مختار سانفو صاحب نے ’’تاریخ فنون لطیفہ اور ثقافتی ورثہ‘‘ کے موضوع پر کامیاب تحقیق پیش کر کے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ مورخہ ۲۶؍اپریل ۲۰۲۵ء کو آپ نے یونیورسٹی Norbert Zongo، کدگو میں پانچ ممبران پر مشتمل جیوری کے سامنے اپنا مقالہ پیش کیا جس پر جیوری نے آپ کی محنت کو سراہتے ہوئے ’’انتہائی شاندار کارکردگی‘‘ کے ساتھ ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا۔ مختار سانفو صاحب آپ کے مقالہ کا موضوع تھا:’’لاونگو (برکینا فاسو) میں گرینائٹ پر مجسمہ سازی: ایک فنی، موضوعاتی اور تحفظاتی مطالعہ‘‘۔ آپ کا تحقیقی کام برکینا فاسو کے گاؤں لاونگو میں واقع مجسمہ سازی کے بین الاقوامی شہرت یافتہ مقام پر مبنی ہے جہاں ۱۹۸۹ء میں ایک عالمی سمپوزیم کے بعد اس فن کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ مقالہ میں مجسمہ سازی کی فنی جہات، معنوی گہرائی اور اس کی علامتی حیثیت کا جائزہ لیا گیا ہے، نیز ان فن پاروں کے تحفظ سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔ مختار سانفو صاحب اس وقت وزارت مواصلات، ثقافت، فنون اور سیاحت میں ڈائریکٹر جنرل برائے ثقافت و فنون کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جماعتی سطح پر آپ کو نیشنل مجلس عاملہ میں محاسب کے طور پر خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ آپ کے دادا ،جن کے نام پر آپ کا بھی نام ہے، برکینا فاسو کے اوّلین احمدیوں میں سے تھے جنہوں نے اخلاص و وفا سے دین حقہ احمدیہ سے وابستگی اختیار کی اور اس کی اشاعت و رجسٹریشن میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر مختار سانفو صاحب کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے اور ان کی مساعی کو مزید بابرکت بنائے۔ آمین ٭… صباحت کریم صاحب مربی سلسلہ جماعت ہڈرزفیلڈ، یوکے تحریر کرتے ہیں کہ منیر احمد صاحب آف ہڈرزفیلڈ مئی ۲۰۲۴ء میں لیبر پارٹی کی طرف سے کونسلر منتخب ہوئے۔ بعد ازاں آپ کو کابینہ میں رکن برائے ماحولیات اور شاہرائیں (Environment and Highways) مقرر کیا گیا۔ ۲۱؍ مئی کو ہڈرزفیلڈ ٹاؤن ہال میں منعقدہ میئر میکنگ (Mayor-Making) تقریب کے دوران آپ کو باضابطہ طور پر کرکلیز کونسل (Kirklees Council) کا ڈپٹی میئر مقرر کیا گیا۔ منیر احمد صاحب تقریب کے دوران آپ کا تعارف نہایت عمدہ انداز میں کرایا گیا جس میں آپ کی قابل قدر کمیونٹی خدمات کو سراہا گیا۔ خاص طور پر جماعت احمدیہ کے فعال رکن کی حیثیت سے آپ کی طویل اور مخلصانہ خدمات کا ذکر ہوا۔ آپ نے ۱۲؍سال بطور صدر جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ نارتھ خدمت کی توفیق پائی۔ علاوہ ازیں آپ مختلف ادوار میں لوکل قائد مجلس ہڈرزفیلڈ، ریجنل قائد نارتھ ایسٹ اور جماعتی عاملہ میں مختلف خدمات بجا لاتے رہے۔ اس وقت آپ بطور سیکرٹری امورخارجہ جماعت ہڈرزفیلڈ نارتھ خدمت کر رہے ہیں۔ وسیع حلقہ احباب ہونے کی وجہ سے آپ جماعت کے تبلیغی پروگراموں میں بکثرت غیر مسلم مہمانوں کو مدعو کرنے کی توفیق پاتے ہیں۔ احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ منیر احمد صاحب کو اپنی رضا کے حصول کے لیے دینی و دنیاوی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے اور ان کا مستقبل بھی بابرکت فرمائے۔ ٭…٭…٭