اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو مورخہ ۱۹و۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار اپنی نیشنل مجلس شوریٰ کے بابرکت انعقاد کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک امسال شوریٰ میں ملک بھر سے منتخب نمائندگان، نیشنل مجلس عاملہ کے اراکین، مبلغین کرام اور ذیلی تنظیموں کے نمائندگان سمیت ۲۰۱؍افراد نے شرکت کی جبکہ ۹؍افراد بطور زائرین شامل ہوئے۔ یہ اجلاس مسجد بیت السبوح، کِسی ڈاکیارڈ، فری ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم امیر صاحب نے قرآن و حدیث اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں نظام شوریٰ کا تعارف پیش کیا اور اس کے مقاصد و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مکرم نذیر احمد علی کمانڈا بونگے صاحب جنرل سیکرٹری نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں تمام جماعتی سرگرمیوں کا احاطہ کیا گیا۔ مولوی المامی سیسے صاحب سیکرٹری صاحب مال نے مالی سال ۲۰۲۵ء - ۲۰۲۶ء کا بجٹ پیش کیا۔ امیر صاحب نے شعبہ مال سے متعلقہ تجاویز پر سیر حاصل بحث کے لیے ایک سب کمیٹی قائم کی۔ نماز ظہر و عصر اور طعام کے وقفے کے بعد سب کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ سہ پہر ساڑھے چار بجے دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد سب کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی اور ممبران شوریٰ نے اس پر اپنی آراء پیش کیں۔ تمام سفارشات کو متفقہ طور پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں منظوری کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مورخہ ۲۰؍اپریل کو صبح دس بجے اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ دعا کے بعد مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج کی زیر صدارت نیشنل امیر و عاملہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے تمام نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور نصیحت کی کہ ان کا کام صرف مجلس شوریٰ میں شرکت تک محدود نہیں بلکہ ان پیغامات کو اپنی اپنی جماعتوں تک پہنچانا اور ان پر عملدرآمد کروانا بھی ان کی اہم ذمہ داری ہے۔ اختتامی دعا کے ساتھ یہ بابرکت مجلس شوریٰ بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔ بعدازاں تمام قافلے واپس روانہ ہوئے اور بخیریت اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ الحمدللہ (رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کے پندرھویں نیشنل اجتماع کا انعقاد