https://youtu.be/QPrkg6cHjA4 اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ڈنمارک کی سالانہ مجلس شوریٰ مورخہ ۳؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ناصر ہال، کوپن ہیگن میں منعقد ہوئی جس میں کُل ۳۷؍ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز صبح دس بجے مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مبلغ انچارج ڈنمارک کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد ڈاکٹر عبدالرؤوف خان صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے گذشتہ مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء–۲۰۲۵ء کی رپورٹ اور منظورشدہ سفارشات پر عمل درآمد کی تفصیلات پیش کیں۔ بعد ازاں امسال کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے منظور شدہ ایجنڈا پیش کیا گیا جو دو تجاویز پر مشتمل تھا:تجویز برائے تربیت اور مالی بجٹ برائے سال ۲۰۲۵ء – ۲۰۲۶ء۔ افتتاحی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے مجلس شوریٰ کی قرآنی بنیاد، اس کی اہمیت اور مشورہ کی روحانی برکات پر روشنی ڈالی۔ آپ نے تمام ممبران کو تقویٰ، اخلاص اور دیانت داری سے مشورہ دینے کی تلقین کی۔ بعد ازاں اجتماعی دعا کے ساتھ سب کمیٹیوں کے قیام کا اعلان ہوا جن میں سب کمیٹی برائے تربیت اور سب کمیٹی برائے مال شامل تھیں۔ مجلس عاملہ کا انتخاب:اس موقع پر یکم جولائی ۲۰۲۵ء تا ۳۰؍ جون ۲۰۲۸ء کی مدت کے لیے نئی نیشنل مجلس عاملہ کے انتخاب کی کارروائی بھی عمل میں آئی۔ انتخابات مکرم امیر صاحب کی زیر نگرانی منعقد ہوئے۔ انتخاب سے قبل آپ نے نصیحت کی کہ امیدواران کا چناؤ ذاتی تعلقات کی بنیاد پر نہ ہو بلکہ ایسے افراد منتخب کیے جائیں جو خالصۃً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے خدمت کرنے والے، مشورہ سے کام لینے والے اور نظام جماعت کے ساتھ چلنے والے ہوں۔ نمازِ ظہر و عصر کے بعد سب کمیٹیوں کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ بعد ازاں دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹیوں کی رپورٹس پیش ہوئیں۔ ان رپورٹس پر تفصیلی گفتگو کے بعد تمام سفارشات کو متفقہ طور پر منظوری و راہنمائی کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے مقام و مرتبہ سے متعلق آگاہی کی اہمیت پر زور دیا اور والدین کو تلقین کی کہ بچوں کو آپؑ کی صداقت کے نشانات سے روشناس کروایا جائے تاکہ ان کا ایمان مضبوط ہو۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ، یہ مجلس شوریٰ پُروقار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں تمام ممبران نے احسن رنگ میں شمولیت کی توفیق پائی۔ (رپورٹ: نعمت اللہ بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جرمنی کے ریجن Rheinland-Pfalz Nord کے خدام کا ریجنل اجتماع