الله تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۵؍اپریل ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد نے فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی کے سٹی میئر Juhana Vartiainen سے ملاقات کی۔ وفد میں نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم عطاءالغالب صاحب، مبلغ انچارج مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب، نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ مکرم احمد فاروق قریشی صاحب، اور نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم زیرک اعجاز صاحب شامل تھے۔ ملاقات میں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور جماعت کے قیامِ امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور سوشل ویلفیئر کے میدان میں جاری کاموں کے بارے میں بتایا گیا۔ حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن کے قیام کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کا بھی تفصیل سے ذکر کیا گیا۔ سٹی میئر نے جماعت احمدیہ کے کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مسلم کمیونٹیز کا وجود معاشرے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے جماعت کی کاوشوں پر مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ یہ مثبت سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ اگر آئندہ جماعت احمدیہ کی طرف سے کسی رفاہی یا عوامی تقریب کا انعقاد ہو تو وہ اس میں شرکت کرنے کی کوشش کریں گے۔ ملاقات کے اختتام پر میئر کو فنش ترجمے کے ساتھ قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا گیا۔ (رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جرمنی کی جماعت Wittlichمیں نماز عید الفطر کی ادائیگی