اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ ساؤتھ ورجینیا کو مورخہ ۵؍اپریل کو اپنا مقامی اجتماع مسجد مسرور میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں قائد مجلس مکرم ذیشان احمد صاحب نے تمام خدام، اطفال اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ریجنل قائد مکرم ابراہیم چودھری صاحب نے اپنی تقریر میں سورۃ المومنون میں بیان فرمودہ مومنین کی صفات پر تمام شاملین کو غور کرنے کی تلقین کی۔ پھر مہتمم اطفال کے نمائندہ مکرم حمزہ الیاس صاحب اطفال سے مخاطب ہوئے ۔ آخر میں مکرم لقمان گوندل صاحب مربی سلسلہ و معاون صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے تقریر کی۔ افتتاحی اجلاس کا اختتام دعا سے ہوا۔ پھر خدام اور اطفال کے علمی مقابلہ جات ہوئے۔ مسجد کی لائبریری میں نئے مہاجرین کے لیے ایک علیحدہ نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم لقمان گوندل صاحب نے کی۔ ساؤتھ ورجینیا مجلس میں حالیہ برسوں میں تقریباً ۳۰ نئے خدام شامل ہوئے ہیں۔ اس اجلاس میں ہر خادم کو اپنے تعارف اور امریکہ تک کے سفر کو بیان کرنے کا موقع ملا، جس کے بعد معاون صدر اور ریجنل قائد نے ضروری راہنمائی کی اور خدام الاحمدیہ کے مہاجرین کے لیے نئے قائم شدہ شعبہ کا تعارف کروایا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ پھر تمام شاملین کے لیے ایک خصوصی اجلاس بموضوع خلافت منعقد ہوا جس میں خدام نے خلافت احمدیہ کے ساتھ اپنے ذاتی قبولیت دعا کے واقعات پیش کیے۔ بعد ازاں قریب ہی کرائے پہ لیے گئے ایک گراؤنڈ میں ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ مجموعی طور پر ۹ مختلف کھیلوں کے مقابلے تین گھنٹوں تک جاری رہے۔ شام کو مسجد مسرور میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ خاکسار (مربی سلسلہ) نے مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے۔ مکرم لقمان گوندل صاحب نے چند گذارشات پیش کیں۔ پھر خاکسار نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ اجتماع کا اختتام دعا سے ہوا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد شرکاء کو سفر کے لیے کھانے کے پیکٹ دیے گئے۔ (رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، جرمنی کے زیر اہتمام ایک یادگار تقریب