٭… فلسطینی وزارت صحت کے بیان کے مطابق گذشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں ۱۰۵؍فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اس دوران ۲۴۷؍افراد زخمی ہوگئے۔ وزارت صحت کے مطابق امدادی ٹیموں نے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے تین لاشیں برآمد کر لیں، مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیلی حملوں میں ۳۶۱۳؍فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی خاتمے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں دس ہزار ۱۵۶؍افراد زخمی ہوئے، جبکہ ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کے بعد اسرائیلی حملوں میں ۵۳؍ہزار ۷۶۲؍فلسطینی شہید اورایک لاکھ ۲۲؍ہزار ۱۹۷؍زخمی ہوچکے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق غزہ جنگ کے دوران پیدا ہونے والے ۳۴۳؍بچے اسرائیلی فوجی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ ٭… بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتکار مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین کے ایک پناہ گزین کیمپ کے دورے پر پہنچے تو قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے انہیں ہراساں کرنے کےلیے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ تاہم اس واقعے میں کوئی سفارت کار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔اس معاملے پر کینیڈا کی جانب سے اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے وضاحت مانگی گئی۔ کینیڈین وزیر برائے عالمی امور نے اس حوالے سے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس معاملے پر فوری وضاحت آئے گی، اس قسم کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ایک برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری نے جنین کیمپ کے پاس پیش آنے والے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی عملے کو ان کا کام کرنے دیا جائے، فائرنگ کے واقعے کی پوری تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں سے حساب لیا جائے۔اطالوی وزیر خارجہ نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس حوالے سے اسرائیلی حکومت سے وضاحت طلب کریں گے، سفارتکاروں کے خلاف یہ خطرات تسلیم نہیں کیے جائیں گے۔ ٭… جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا نے اوول آفس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں امریکی صدر نے مہمان پر سفید فام افراد کی نسل کشی کا الزام لگایا۔ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی افریقہ میں مبینہ سفید فام نسل کشی کی تصاویر دکھائیں اور سفید فام افریقیوں پر تشدد کی شکایات کا ذکر کیا۔ اس موقع پر رامافوسا نے ان تصاویر کو جنوبی افریقہ کی درست عکاسی قرار دینے سے انکار کیا اور کہا کہ آئین تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔رامافوسا کا کہنا تھا کہ تشدد کا نشانہ صرف سفید فام نہیں بلکہ تمام طبقات بنتے ہیں، جرائم میں ہلاک ہونے والوں میں اکثریت سیاہ فاموں کی ہے۔ رامافوسا نے امریکی صدر کو کہا کہ میرے پاس آپ کو دینے کے لیے طیارہ نہیں ہے۔ اس پر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ آپ یہ پیشکش کریں تو میں ضرور قبول کروں گا۔ ٭… یونان میں جنوبی جزیرے کریٹ میں ۶.۱؍شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ایلونڈا کے شمال مشرق میں ۵۸؍کلومیٹر دور سمندر میں تھا، زلزلے کی گہرائی ۶۹؍کلومیٹر تھی۔ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن