اللہ تعالیٰ کے فضل سے حال ہی میں ہیومینٹی فرسٹ لائبیریا کو تین نئے پرائمری سکولوں کے افتتاح کی توفیق ملی ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک یہ سکول تین مختلف قصبوں کبانڈہ (Kabanda)، جیڈہ (Geedah) اور باٹوجہ (Gbatoja) میں قریباً ڈیڑھ سال کے عرصہ میں مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ Cape Mount Grandکاؤنٹی کی زیر نگرانی تعمیر ہوئے۔ ان میں سے اول الذکر سکول کےتعمیری اخراجات ڈاکٹر نسیم الدین خان صاحب آف جرمنی اور مؤخر الذکر سکولوں کے اخراجات نادیہ صبا قاضی صاحبہ آف امریکہ اورنصرت جہاں قیصر صاحبہ آف امریکہ کی طرف سے ان کے افراد خانہ نےادا کیے۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء ان سکولوں میں کُل پندرہ کلاس رومز، تین کمرے برائے پرنسپل صاحبان اور دس واش رومز تعمیر کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر ان تین سکولوں میں کُل اٹھارہ قصبوں سے قریباً ۳۷۵؍طلبہ زیور تعلیم سے آراستہ ہوں گے جو اس علاقہ کے لوگوں کے ليے تعلیمی میدان میں ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے ایک گراں قد ر خدمت ہے۔ مورخہ ۱۲ و ۱۳؍اپریل۲۰۲۵ء کو ان سکولوں کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں صاحبزادہ ولید احمد صاحب نائب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ امریکہ، ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ لائبیریا، مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ، مقامی معلمین سلسلہ، علاقہ کے عمائدین، سکول سٹاف، طلبہ اور والدین نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم، دعا اور تعارف کے بعدمہمانوں کو اظہار خیال کا موقع دیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کی طرف سے بھی کچھ پریزنٹیشنز دی گئیں اور آخر پر نقاب کشائی سے سکولوں کا باقاعدہ افتتاح بھی ہوا۔ اولاًصاحبزداہ ولید احمد صاحب نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سکول ایک لمبے سفر کا آغاز ہے۔ حقیقی کامیابی تب ہو گی جب یہاں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے مختلف شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ ہر سہ ٹاؤن سے ہر طبقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف شخصیات نے اپنے تاثرات بیان کیے جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں: ٭…Kabandaٹاؤن کے چیف Musa Kromah صاحب نے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہیومینٹی فرسٹ کے شکر گزار ہیں جنہوں نےشاہراہ سے ہٹ کر ایک طرح سے جنگل میں سکول تعمیر کیا ہے۔ جہاں پر تعمیری سامان کی ترسیل بھی ایک کٹھن مرحلہ تھا۔ ٭…Gbatojaسکول کے افتتاح کے موقع پر Harris T. Karneh صاحب (County Director for Cross Cultural Care) نے کہا کہ ہمیں اس بات کی بہت خوشی محسوس ہورہی ہے ہم نے ہیومینٹی فرسٹ سکول کے ليے زمین دی جس سے صرف ہمارا ٹاؤن ہی نہیں بلکہ اردگرد کے ٹاؤنز بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ ٭…Gbatojaسکول کے علاقہ کے کمشنر Kandakai Kiazulo صاحب نے کہا کہ یہ سکول میرے ليے بہت بابرکت ثابت ہوا کیونکہ اس سکول کی زمین ہیومینٹی فرسٹ کو دینے کے ليے جب میں نے دستخط کیے تو اس کے چند روز بعد میری پیرا ماؤنٹ چیف سے بطور کمشنر ترقی ہوگئی۔ اس ليے یہ سکول میرے ليے دوہری خوشی کا باعث ہے۔ جس کے ليے میں اپنے علاقہ کے لوگوں اور ہیومینٹی فرسٹ ہر دو کا شکر گزار ہوں۔ ہیومینٹی فرسٹ کے تحت لائبیریا میں اب تک چھ پرائمری سکول اور ایک ووکیشنل کالج بڑی کامیابی سے جاری ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان تمام ادارہ جات کو زیر تعلیم طلبہ کے ليے علم، ہدایت اور روشن مستقبل کا ذریعہ بنادے۔ آمین (رپورٹ:فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، جرمنی کے زیر اہتمام ایک یادگار تقریب