https://youtu.be/gyBTeHuQXbU محض اللہ تعالیٰ کےفضل و کرم سے مجلس انصاراللہ آئیوری کوسٹ کو اپنا پندرھواں سالانہ نیشنل اجتماع ۱۹ و ۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام مہدی آباد، آبیدجان شہر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع میں دوممالک کی نمائندگی رہی اور اجتماع کی کُل حاضری ۲۶۷؍افراد پر مشتمل تھی۔ اجتماع میں شامل ہونے کے لیے مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ جمعۃ المبارک سے شروع ہوا۔ اجتماع کے پہلے دن کا آغاز جماعتی روایات کے مطابق باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو مکرم کونے کریم صاحب معلم سلسلہ نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’ایک ناصر کس طرح اپنے معاشرہ کے ليے نفع رساں وجود بن سکتا ہے‘‘ کے موضوع سے درس دیا اور مہمانان کرام کی خدمت میں ناشتہ پیش کیاگیا۔ اجتماع کےافتتاحی پروگرام کا انعقاد زیر صدارت مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ ہوا۔ امیر صاحب نے اجتماع ہا ل میں تشریف لا کر لوائے انصاراللہ جبکہ مکرم تیرو الحسن صاحب صدر مجلس انصاراللہ نے ملکی پرچم لہرایا جس کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی۔ افتتاحی پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد سے ہوا جس کے معاً بعد صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے مقامی روایات کے مطابق شاملین اجتماع کو خوش آمدید کہا اور مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ مکرم انزاء وترا صاحب معلم سلسلہ نے اجتماع کے مرکزی موضوع ’’انصاراللہ اور اس کے مقاصد‘‘ پر تقریر کی۔ دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی اور طعام کے بعد انصاراللہ کے علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد ناظمین و زعماء کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم بالو احمد صاحب نے ’’آزمائش یا عذاب، روحانی انقلاب میں ان کا کردار‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ درس کے فوراً بعد انصاراللہ کی جانب سے ’پیس واک‘ کا اہتمام کیا گیا جس دوران جماعتی زمین مہدی آباد کے گرد نعرہ ہائے تکبیر اور امن کے نعروں کے ساتھ مارچ کیا گیا۔ اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ دوپہر بارہ بجے اجتماع کے اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ مکرم یحییٰ جیارہ صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے چندہ جات کے تعارف اور مالی قربانی کے حوالہ سے گذارشات پیش کیں۔ بعدہٗ برکینافاسو سے آنے والے وفد کے ایک رکن نے ایک مختصر تقریر کی اور انعقاد اجتماع کے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار کا اعلان کیا۔ پہلی تین پوزیشنز لینے والے انصار میں میڈلز اور تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ جماعت اموریاکرو کو حسن کارکردگی کے انعام سے نوازا گیا۔ اسی موقع پر صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور برکینا فاسو سے آنے والے مہمانان کرام کو بھی یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور مہمانان کرام کی طعام سے تواضع کی گئی جس کے ساتھ ہی اجتماع کی کارروائی بخیر و خوبی مکمل ہوئی۔ امسال اجتماع میں برکینا فاسو سے آئے دو مہمانان کرام کے علاوہ آئیوری کوسٹ کے ۲۰؍ریجنز سے ۲۶۷؍افراد نے شرکت کی۔ اس اجتماع کے ساتھ ہی واقفین نَو و واقفات نَو کے دوسرے سالانہ اجتماع کا بھی انعقاد کیا گیا تھا چنانچہ اختتامی تقریب میں تمام واقفین و واقفات نو بھی شامل ہوئے اور انصاراللہ کی تقریب تقسیم انعامات کے ساتھ ہی انہیں بھی انعامات سے نوازا گیا۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے بہترین اور بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور تمام شاملین کے لیے ازدیاد ایمان و عرفان کا موجب بنائے۔ آمین (رپورٹ:عبدالنور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: نئے پوپ لیو چہاردہم کی افتتاحی تقریب اور عالمی مذاہب کے وفد میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی