اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۹ و۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء کو مجلس انصار اللہ نائیجر کو اپنا بارھواں نیشنل اجتماع دار الحکومت نیامے میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اجتماع کے ليے ایک ماہ قبل ہی تیاریوں کا آغاز کیا گیا اور علمی مقابلہ جات کے ليے ایک نصاب تیار کر کے تمام ریجنز کے انصار تک پہنچا دیا گیا اور مقابلہ جات کی تیاری کا مرحلہ بھی شروع ہو گیا۔ تمام انصار جمعہ کی رات کو نیامے پہنچ گئے اورہفتہ کی صبح نمازِ تہجد سے دن کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد درس القرآن اور ناشتہ پیش کیا گیا اور نو بج کر ۱۵؍منٹ پر تقریب پرچم کشائی اور دعا ہوئی۔ اس کے بعد پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ سے ہوا۔ مکرم ممن سلیمان صاحب صدر مجلس انصاراللہ نے اجتماع کے مقاصد مقامی زبان میں بیان کیے۔ دعا کے فوراً بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جس میں فٹ بال، رسہ کشی، تیز دوڑ اور میوزیکل چیئرز کے پروگرام شامل تھے۔ نماز اور کھانے کے وقفہ کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جس میں تلاوت قرآن، حفظ القرآن، اذان، قصیدہ اور دینی معلومات کے مقابلے شامل تھے۔ نماز مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد سوال و جواب کی محفل منعقد کی گئی جس میں سلسلہ کے معلمین نے مقامی زبانوں میں سوالات کے جواب دیے۔ اس مجلس میں فقہی مسائل کے علاوہ احباب نے اختلافی مسائل کے دلائل کے حوالہ سے بھی سوالات کیے۔ اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا اور ناشتہ کے فوراً بعد ورزشی مقابلہ جات کے فائنل ہوئے اور آخری اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدہ سے ہوا۔ تقسیمِ انعامات کے بعد مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ نائیجر نے انصار کو ان کے عہد کی طرف توجہ دلائی جس میں خلافت سے وابستگی کا ذکر ہے۔ اس کےليے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات کو سننے اور ان پر عمل کرنے اور حضورِ انور کو خطوط لکھنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ آخر میں وہ دعائیں بھی مل کر دہرائی گئیں جن کی طرف حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبات میں ارشاد فرمایا تھا۔آخر پر دعا ہوئی۔ ملک کے تمام ریجنز سے چند نمائندگان نے شرکت کی اور اس طرح مجموعی طور پر ۱۱۰؍انصار نے اِس نیشنل اجتماع میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین و منتظمین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین(رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جنوبی بیلیز میں مسجد، ’بیت اللطیف‘ کا بابرکت افتتاح