https://youtu.be/tltAaXIrhkE اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (ٹکوسا) جرمنی نے مورخہ ۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز اتوار سہ پہر تین بجے بیت السبوح، فرینکفرٹ میں ’’میری ہجرت کے ۵۰؍سال‘‘ کے موضوع سے ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت مکرم چودھری عبد الغفور ڈوگر صاحب صدر ٹکوسا نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد صدر صاحب ٹکوسا نے ابتدائی کلمات میں تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور اُن احباب کو خراج تحسین پیش کیا جو جرمنی میں نصف صدی سے مقیم ہیں۔ تقریب میں اظہار خیال کرنے والے احباب میں مکرم عبد الشکور بھٹی صاحب (سب سے سینئر اولڈ سٹوڈنٹ)، مکرم منور احمد باجوہ صاحب، مکرم مبشر احمد کاہلوں صاحب، مکرم فلاح الدین خان صاحب، مکرم حفیظ الرحمٰن صاحب مکرم فضل الرحمٰن فضلی صاحب، مکرم مختار احمد صاحب اور مکرم حیدر علی ظفر صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ جرمنی شامل تھے۔ جملہ احباب نے اپنی ہجرت کی داستانیں اور دینی خدمات کے تجربات بیان کیے۔ بعدازاں حضرت مسیح موعودؑ کے منظوم کلام سے چند منتخب اشعار کے بعد معروف شاعر مکرم عبد الجلیل عباد صاحب نے ہجرت کے موضوع پر اپنا کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر ٹکوسا نے مختصر طور پر اپنی ہجرت کی داستان بیان کی اور پھر مبلغ انچارج جرمنی مکرم صداقت احمد صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کروائی۔ اس بابرکت پروگرام میں ہمبرگ سے آٹھ احباب سمیت مقامی جماعت اور ٹکوسا کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اختتام پر شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی اور شام چھ بجے یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ (رپورٹ: منور علی شاہد۔ جرمنی) مزید پڑھیں: سویڈن کے سرمائی بازار Lyckseleمیں ایک روزہ تبلیغ سٹال کا اہتمام