https://youtu.be/y5A3fQlg2QQ ٭… اميرالمومنين حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ ۱۶؍مئی ۲۰۲۵ء کو مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ، يوکے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا ۔ حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےجماعت کے ایک بزرگ اور جیّد عالِم ، خلافت کے فدائی، دین کے بے مثل خادم محترم سید میر محمود احمد ناصر صاحب ابن حضرت میر محمد اسحاق صاحب ؓنیز ڈاکٹر طاہر محمود صاحب شہید آف کراچی کا ذکر خیر فرمایا۔ڈاکٹر طاہر محمود صاحب شہید آف کراچی نے دوران اسیری صعوبتیں برداشت کیں، مار کھائی اور عدالت کے سامنے مار کھائی۔ وہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے “جرم” میں گرفتار تھے۔ (تفصیل کے لیے دیکھیں الفضل ۱۹؍مئی ۲۰۲۵ء) ٭… سرگودھا کی حدود میں ۵۸؍سالہ معروف احمدی ڈاکٹر شیخ محمد محمود کو جمعہ کے روز فاطمہ ہسپتال میں ڈیوٹی کے دوران دن دہاڑے فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔ جماعت احمدیہ پاکستان کے ترجمان نے ڈاکٹر صاحب کے وحشیانہ قتل پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی۔ خیال رہے کہ گذشتہ ایک ماہ میں یہ تیسرے احمدی ہیں جنہیں محض عقیدے کی بنا پر ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ ٭… سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے، سعودی ایئر لائن نے دس سال بعد ایران سے حج فلائٹ آپریشن شروع کر دیا۔ سعودی عرب کی فلائی ناس ایئر لائن کا طیارہ حاجیوں کو لینے تہران ایئر پورٹ پہنچا۔ سعودی سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے لیے سعودی ایئر لائن کی پروازیں ۲۰۲۵ء کے حج آپریشن کے لیے بحال کی گئی ہیں۔ سعودی ایئر لائن کے حج آپریشن میں ایرانی شہر مشہد سے بھی حج پروازیں شامل ہیں، سعودی ایئر لائن یکم جولائی تک ۳۷؍ہزار ایرانی حاجیوں کو سفری سہولت فراہم کرے گی۔ ٭… ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پانچ ملین درہم (تقریباً ۲۸؍کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کی کوکین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ جنوبی امریکہ سے آنے والا ایک مسافر نہایت مہارت سے منشیات کے ۸۹؍کیپسول اپنی آنتوں میں چھپا کر لایا تھا، لیکن جدید ایکس رے اسکیننگ ٹیکنالوجی نے ملزم کو گرفتار کروا دیا۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ مسافر پر اُس وقت شک ہوا جب اس کی حرکات و سکنات معمول سے ہٹ کر محسوس ہوئی تھیں ۔ ٭… سابق امریکی صدر جوبائیڈن کو پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ سابق صدر بائیڈن اور ان کے اہل خانہ علاج کے آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جوبائیڈن گذشتہ ہفتے تکلیف کے باعث ہسپتال گئے تھے جہاں کینسر کی علامات ظاہر ہونے پر ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن اور ان کے اہل خانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی صدارت کی مدت ۲۰؍جنوری کو ختم ہوئی تھی۔ ٭… ایرانی وزارت خارجہ میں برطانیہ میں ایرانی شہریوں کی گرفتاری پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ایرانی وزارت خارجہ میں مغربی یورپ کے امور کے سربراہ شہرام قاضی زادہ نے ایک بیان میں بتایا کہ ایران نے برطانیہ میں ایرانی شہریوں کی گرفتاری پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ شہرام قاضی زادہ نے کہا کہ بغیر ٹھوس ثبوت ایرانی شہریوں کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ سفارتخانے کو مطلع نہ کرنا، قونصلر رسائی روکنا عالمی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ شہرام قاضی زادہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقاصد کےلیے ایران پر دباؤ ڈالنے کے منفی نتائج کا ذمہ دار برطانیہ ہوگا۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن