https://youtu.be/536Dp8r3Ark مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۳۰؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ)میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم حمید انور صاحب ابن مکرم خورشید انور سنوری صاحب مرحوم (Carshalton۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔ نماز جنازہ حاضر مکرم حمید انور صاحب ابن مکرم خورشید انور سنوری صاحب مرحوم (Carshalton۔یوکے) 28؍اپریل 2025ء کو 81سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق کوئٹہ پاکستان سے تھا۔ آپ حضرت مولوی قدرت اللہ سنوری صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے اور مکرم ڈاکٹر محمد احمد دین عدنی صاحب کے داماد تھے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، نیک، دیندار، مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ مرحوم مکرم محمد احمد صاحب (کارکن MTA) کے والد اور مکرم منیر عودہ صاحب (ڈائریکٹر پروڈکشن ایم ٹی اے انٹرنیشنل) کے سُسر تھے۔ نماز جنازہ غائب ۱۔مکرمہ امۃالباسط شاہدہ صاحبہ اہلیہ مکرم خواجہ مبشر احمد بٹ صاحب(کراچی) 5؍اپریل 2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت میاں خیرالدین صاحب رضی اللہ عنہ اور دادی محترمہ سلطان بی بی صاحبہ دونوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ آپ مکرم مولانا عبد المنان شاہد صاحب مربی سلسلہ کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، صابرہ و شاکرہ، مہمان نواز، ملنسار، خوش اخلاق، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ ایمانداری اور دعا پر کامل یقین تھا۔ خلافت سے گہری وابستگی اور دین سے سچی محبت ان کی شخصیت کے نمایاں پہلو تھے۔ جماعتی خدمت میں ہمیشہ سرگرم رہیں اور ناصرات اور لجنہ کے مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ اپنی چار بیٹیوں کی بہترین تربیت کی اور ان میں بچپن سے دینی تعلیم، جماعتی خدمت اور قربانی کا جذبہ پیدا کیا۔ آپ نے بیماری کے طویل عرصہ میں صبر اور شکر کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چاربیٹیاں، تین بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔ آپ مکرم عبد الحلیم شاہد صاحب …کی ہمشیرہ تھیں۔ ۲۔مکرم شاہ ناصر احمد صاحب ابن مکرم شاہ شکیل احمد صاحب (بہار انڈیا) یکم اپریل 2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم کو گیام شہر میں جماعت کی ترقی کا بہت درد تھا۔ اس کے لیے کوشش اور دعا کرتے رہے۔ آپ کی بہت خواہش تھی کہ وہاں جماعت کی ایک مسجد بن جائے۔ جب وہ ضلعی امیر تھے تو آپ نے اس کے لیے بہت کوشش کی اور اپنی محنت کی کمائی سے خریدی ہوئی زمین بھی اس کے لیے وقف کردی۔اب یہ زمین صدر انجمن کے نام ہوچکی ہے۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں تین بیٹیاں شامل ہیں۔ ۳۔مکرمہ نعیمہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمود احمد صاحب (دارالفتوح غربی ربوہ) 25؍مارچ 2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ مکرم راجہ عبد العزیز صاحب مرحوم (سابق اکاؤنٹنٹ جامعہ احمدیہ ربوہ) کی بڑی بیٹی تھیں۔ مرحومہ نے تقریباً 30 سال سے زائد عرصہ ضلع مظفر آباد آزاد کشمیر میں مقامی و ضلعی صدر لجنہ کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پائی۔ دوران خدمت ہمیشہ مہمان نوازی اور جماعتی پروگراموں کو اپنی ہر ضرورت پر مقدم رکھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ ۴۔مکرم ملک الطاف احمد صاحب ابن مکرم ملک محمد دین صاحب (ساہیوال) 17؍جنوری 2025ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذآپ کے دادا مکرم کرم الٰہی صاحب آف فیض اللہ چک قادیان کے ذریعہ ہوا۔ آپ کے والد مکرم ملک محمد دین صاحب تحریک جدید کے پہلے پانچ ہزاری مجاہدین میں شامل تھے۔ مکرم عبد الرحمٰن جٹ صاحب آف قادیان رشتے میں آپ کے ماموں لگتے تھے۔ آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند، سلسلہ کے فدائی ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ کو جماعتی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کا بڑی بہادری سےمقابلہ کیا۔ خلافت سے محبت اور اطاعت کرنے والے اور مالی تحریکات میں پڑھ چڑھ کرحصہ لیتے تھے۔ آپ نے مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ ۵۔مکرمہ امۃالشکور ہاشمی صاحبہ اہلیہ مکرم میجر عمر ہاشمی صاحب (واپڈا ٹاؤن لاہور) 19؍اپریل2025ء کو 70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، زندہ دل، خوش مزاج، ملنسار، ہمدرد، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے عقیدت اور فدائیت کا گہراتعلق تھا۔ آپ اپنےحلقہ واپڈا ٹاؤن میں کئی سال نائب صدر اور سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق پاتی رہیں۔ہمیشہ معیاری چندہ دیتیں اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹیاں شامل ہیں۔ مرحومہ کے بڑے داماد مکرم حسن منیر صاحب …ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین ٭…٭…٭