اسکندریہ، سرائیوو میں ۳۶واں بین الاقوامی کتب میلہ ۹تا ۱۴؍اپریل ۲۰۲۵ء منعقد ہوا۔ جماعت احمدیہ بوسنیا ۲۰۱۱ء سے باقاعدگی کے ساتھ اس میلے میں حصہ لے رہی ہے، امسال بھی جماعت کو اسلام احمدیت کے پُرامن پیغام کو پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جماعت کا سٹال روزانہ صبح پونے دس بجے سے شام سوا سات بجے تک کھلا رہا۔ جماعتی سٹال کو مختلف دیدہ زیب خوبصورت بینرز سے مزین کیا گیا تھا۔ اس سال سٹال کی خاص بات حال ہی میں شائع ہونے والا قرآن کریم کا بوسنین ترجمہ تھا، جس نے بے شمار زائرین کی توجہ حاصل کی۔ زائرین کو جماعتی کتب کا وسیع انتخاب پیش کیا گیا جن کی تعداد ۹۰ سے زائد تھی۔ ان میں سے بعض کتب مفت تقسیم کی گئیں۔ مقبول کتب جیسے اسلامی اصول کی فلاسفی ،اسلام اور عصرِ حاضر کے مسائل کا حل، عالمی بحران اور امن کی راہ، لائف آف محمدﷺ اور ذکر الٰہی کافی تعداد میں فروخت ہوئیں۔ کتب کی فروخت کے علاوہ متعدد افراد نے جماعت احمدیہ کے پیغام میں دلچسپی ظاہر کی اور مزید رابطہ کے لیے اپنی تفصیلات فراہم کیں۔ میلے کے عام زائرین کے ساتھ ساتھ اسکول کے بے شمار طلبہ نے بھی سٹال کا دورہ کیا انہیں مفت جماعتی لٹریچر مہیا کیا گیا۔ ہماری کتب کی قیمتیں دوسرے اسلامی سٹالز کی نسبت کافی مناسب تھیں، مفت تقسیم کے ساتھ ساتھ مختلف عناوین پر مشتمل سینکڑوں کتب فروخت ہوئیں۔ چھ دنوں کے دوران ۲۰ سے زائد جماعتی رضاکاروں کو خدمت کی توفیق ملی۔ انہوں نے زائرین سے مؤثر گفتگو کی، مفت لٹریچر تقسیم کیا اور مخالفین کی جانب سے سخت باتوں کا سامنا بھی خندہ پیشانی سے کیا۔ بعض رضاکار روزانہ صبح سے شام تک مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہے۔ اللہ تعالیٰ اس خدمت دین کو قبول فرمائے، اسے بابرکت اور ثمردار بنائے، اور تمام تعاون کرنے والوں کو بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین۔ (رپورٹ: مفیض الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ہالینڈ کی مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء