اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو اپنی مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء مورخہ ۱۸؍مئی ۲۰۲۵ء بروز اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ امسال شوریٰ میں ملک بھر کی تمام ۲۴؍جماعتوں کے نمائندگان سمیت مجموعی طور پر ۹۴؍ممبران نے شرکت کی۔ شوریٰ کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے دس بجے مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج نے دعا کروائی۔ مکرم سیکرٹری صاحب مجلس شوریٰ نے قواعد و ضوابط اور ہدایات پڑھ کر سنائیں اور شوریٰ کی اہمیت کے متعلق حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍مئی ۲۰۲۳ء کا حوالہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت کے مطابق دعا، درود شریف اور استغفار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس دعا کی تلقین کی: ‘‘رَبِّ كُلُّ شَىْءٍ خَادِمُكَ رَبِّ فَاحْفَظْنِىْ وَانْصُرْنِىْ وَارْحَمْنِىْ’’۔ بعدہٗ گذشتہ سال کی تجاویز پر عمل درآمد کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ اسی طرح مکرم عطاء القیوم عارف صاحب سیکرٹری تربیت نے شعبہ تربیت کے حوالہ سے رپورٹ پیش کی۔ مکرم ریحان احمد صاحب سیکرٹری صنعت و تجارت نے بتایا کہ نئے آنے والے پاکستانی احمدی احباب کی زبان سیکھنے اور روزگار کے سلسلے میں راہنمائی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سال کی تجاویز اور مجوزہ بجٹ بالترتیب مکرم سیکرٹری مجلس شوریٰ اور مکرم سیکرٹری مال نے پیش کیا۔ بعد ازاں چار سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن کے موضوعات درج ذیل تھے: ۱۔ سوشل میڈیا کے غلط اثرات سے بچاؤ کے عملی اقدامات (شعبہ تربیت) ۲۔ہالینڈ میں احمدی احباب کے لیے قبرستان کی جگہ تلاش کرنا ۳۔ہالینڈ میں نئی مساجد کی تعمیر سے متعلق راہنمائی ۴۔مال کی تجاویز و رپورٹ کا جائزہ دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کے بعد تمام سب کمیٹیوں کی علیحدہ نشستیں ہوئیں جن میں نمائندگان نے تفصیلی مشاورت کی۔ شام پونے پانچ بجے دوسرا اجلاس شروع ہوا جس میں سب کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں اور ہر تجویز پر سوال و جواب کے بعد باقاعدہ ووٹنگ ہوئی۔ ممبران مجلس شوریٰ کی طرف سے مکرم میر محمود احمد ناصر صاحب کی وفات پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔ بعد ازاں اختتامی دعا مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب نے کروائی جس کے بعد نیشنل عاملہ کے انتخابات منعقد ہوئے۔ پروگرام شام کے کھانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ تمام ممبران مجلس شوریٰ کو اس مقدس ذمہ داری کو احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین