۹؍مئی جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت ہوا بالکل بند تھی لیکن اس کے باوجود یہ سرد اور روشن صبح تھی کیونکہ خنکی ابھی قائم تھی۔ جونہی سورج نے اپنا چہرہ مشرق سے باہر نکالا گرمی میں کسی قدر اضافہ ہوگیا۔تاہم ہلکی ہوا بھی چلنا شروع ہوگئی جو دوپہر تک تیز ہوتی چلی گئی ، سارا دن آسمان ہلکے بادلوں کی لپیٹ میں رہا ، جس کی وجہ سے سورج کی تیز کرنوں کی شدت میں کمی آگئی۔ درمیانی رفتار سے ہوا دن بھر جاری رہی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۵؍اور کم سے کم ۲۷؍درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ کے دن آسمان بالکل صاف تھا سورج کو اپنی من مانی کرنے کی وجہ مل گئی اور وہ خوب چمکتا رہا۔ شام کے وقت ہوا چلنا شروع ہوگئی اور موسم معتدل بن گیا۔ اتوار ۱۱؍مئی کو صبح ہی سے ہوا ہلکی تھی اور آسمان پر بادلوں کا نام و نشان تک نہ تھا۔ بعد دوپہر اچانک مشرق کی طرف سے سیاہ بادلوں کی گھٹا اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آسمان کو اپنے گھیرے میں لے لیا او رساتھ ہی تیز آندھی شروع ہوگئی۔ساتھ ہی گرج چمک بھی شروع ہوگئی اور بارش بھی آموجود ہوئی۔بارش کا سلسلہ نماز عشاء تک جاری رہا ، ٹھنڈی ہوا رات گئے تک چلتی رہی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ سوموار ، منگل اور بدھ کا موسم گرم اور خشک تھا۔جمعرات کو نماز فجر کے وقت ہوا بالکل بند تھی۔ جس طرح حبس کے دنوں میں بند ہوجاتی ہے، لیکن صبح کے وقت کی خنکی کی وجہ سے حبس محسوس نہ ہوا۔ تاہم دوپہر کے وقت ہوا رواں دواں ہوگئی لیکن گرمی اپنی جگہ موجود تھی۔ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۲؍ اور کم سے کم۲۵؍درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔(ابو سدید)