https://youtu.be/jZ-NybR0h1k محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آسٹریلیا کو امسال اپنی ۴۱؍ویں مجلس شوریٰ مورخہ۱۸تا۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء مسجد بیت الہدیٰ، سڈنی میں منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ الحمدللہ بعد نماز جمعہ دوپہر دو بجے نمائندگان مجلس شوریٰ کی رجسٹریشن کا آغاز ہوا اور سہ پہر تین بجے مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی صدارت میں مجلس شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ افتتاحی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے خلفائے حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں مجلس شوریٰ کی اہمیت بیان کی۔ بعد ازدعا امیر صاحب کی ہی صدارت میں نیشنل مجلس عاملہ کے انتخاب کا انعقاد ہوا۔ متعلقہ سیکرٹریان نے گذشتہ سال شعبہ مال اور شعبہ تبلیغ کی منظور شدہ تجاویز پر سالِ رَواں میں عمل درآمد کی رپورٹس پیش کیں جن کے بعد آسٹریلیا کی مختلف جماعتوں کی جانب سے موصولہ ردشدہ تجاویز کے بارے میں ممبران اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ امسال مختلف تجاویز کی روشنی میں شعبہ تربیت، شعبہ رشتہ ناطہ، شعبہ جائیداد اور شعبہ مال کی ایک ایک سب کمیٹی کی تشکیل ہوئی۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی اور رات کے کھانے کے بعد چاروں سب کمیٹیوں کے اجلاسات شروع ہوئے۔ مورخہ ۱۹؍اپریل بروز ہفتہ صبح نو بجے مجلس شوریٰ کے دوسرے اجلاس میں شعبہ تربیت و رشتہ ناطہ کی سب کمیٹیوں نے اپنے اجلاسات میں فائنل ہونے والی سفارشات پیش کیں جن پر ممبران شوریٰ نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ نماز ظہرو عصر کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعد مجلس شوریٰ کے تمام نمائندگان سڈنی شہر سے اڑھائی گھنٹے کی مسافت پر واقع ماضی قریب میں خریدی گئی جلسہ گاہ حدیقہ احمد کے ليے روانہ ہوئے۔ وہاں پہنچ کر انہیں جلسہ گاہ کادورہ کروایا گیا نیز تمام نمائندگان کے اعزاز میں ایک عشائیہ پیش کیا گیا۔ مورخہ۲۰؍اپریل بروز اتوار تیسرے اجلاس میں نمائندگان شوریٰ نے شعبہ جائیداد اور مال کی سب کمیٹیوں کی سفارشات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں مجلس شوریٰ کے کامیاب انعقاد پرتمام کارکنان اور نمائندگان شوریٰ کا شکریہ ادا کیا جس کے بعدا جتماعی دعا سے یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا اور نمائندگان کا ایک گروپ فوٹو ہوا۔ اللہ تعالیٰ نمائندگان شوریٰ کو اپنی ذمہ داریاں کماحقہٗ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:عاطف احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: فجی کی جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود کا انعقاد